|

وقتِ اشاعت :   August 9 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین رکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام پہچان چکے ہیں کہ تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی ،تاریخی غربت، بے روزگاری ہے اگر ہم نے ان مسائل سے نکلنا ہے تو پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہوگا، پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر بلخصوص بلوچستان میں حکومت بنائے گی اور ہم جیالہ وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ منتخب کر کے دیکھائیں۔

گے اور بلوچستان کے مسائل کا حل نکالیں گے ، مسلم لیگ(ن) اور عمران خان کی تبدیلی سرکار صرف عوام کے حقوق سلب کرنا جانتے ہیں پیپلز پارٹی و ہ واحد جماعت ہے جو عوام کے حقوق کا دفاع کرنا اور یہ جانتی ہے کہ عوام کو انکے حقوق کیسے پہنچائے جائیں ۔یہ بات انہوں نے اتوار کو جتک ہائوس کوئٹہ میں چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری،لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، نواب محمد خان شاہوانی ، آغا عرفان کریم سمیت دیگر کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہم بلوچستان میں نواب ثناء اللہ زہری ، جنر ل (ر) عبدالقادر بلوچ اور انکے ساتھیوں کو شہداء کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمد ید کہتے ہیں ہم ایک دوسرے کوشانہ بشانہ رہ کر محنت و جدوجہد سے ایک دوسرے کو طاقت دیں گے اور پورے بلوچستان میں قائد عوام اور شہید بے نظیر بھٹو کی پیپلز پارٹی کو فعال اور مضبوط بنائیں۔

گے انشاء اللہ آنے والے عام انتخابات میں ملک بھر بلخصوص بلوچستان میں حکومت بنائیں گے ہم جیالہ وزیراعلیٰ منتخب کر کے دیکھائیں گے اور بلوچستان کے مسائل کا حل نکالیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام غیرت مند ،بہادر ہیں پاکستان پیپلز پارٹی اور بلوچستان کا تین نسلوں کا رشتہ ہے بلوچستان کے عوام نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ اور ہم نے تاریخ رقم کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے غریب عوام کو آواز دی ،ملک کے غریب کسانوں کو زمین کا مالک بنایا ،مزدوروں کو حقوق دلوائے جب عوام نے شہید بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا تو ہم نے ایک بار پھر تاریخ رقم کی اور بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری کا عوام نے ساتھ دیکر تیسری بار تاریخ رقم کی صدر آصف علی زرداری کے دور میں ہم نے صوبوں اور عوام کو وہ حقوق دئیے۔

جنکا وعدہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں کیا گیا تھا ، پیپلزپارٹی نے این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو انکے وسائل پر ملکیت دی ہماری یہ سوچ تھی کہ جہاں بھی معدنی ذخائر ہونگے وہاں پر اس علاقے کی عوام کا پہلا حق ہوگا صدر آصف علی زرداری نے غریب عوام کو حقوق دلوائے ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا تاکہ ملک کے غریب لوگوںکی مالی امداد کی جاسکے۔

ہماری حکومت نے فو ج سمیت تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوںاور پنشن میں اضافہ کیا تھا مگر افسوس کے ساتھ پیپلز پارٹی کی حکومت کے بعد مسلم لیگ(ن) کی حکومت بھی آئی ،عمران خان کی تبدیلی حکومت بھی آئی ان تمام حکومتوں نے عوام کے حقوق سلب کرنے کی کوشش کی آج حکومت نظریں18ویں ترمیم ،این ایف سی ایوارڈ، ساحل و سائل ،جزیروں سمیت عوام کے تمام حقوق پر ہیں۔

اور وہ انہیں چھیننا چاہتی ہے صرف ایک پیپلز پارٹی ہے جو عوام کے حقوق کا دفاع کرنا اور یہ جانتی ہے کہ عوام کو انکے حقوق کیسے پہنچائے جائیں انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا منشور اور شہید بے نظیر بھٹو کی نصیحت کو لیکر بلوچستان کے ہر ضلع میں پہنچیں گے اور اگر عوام نے ہمارا ساتھ دیا تو دنیا کی کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام نے بہت سی مشکلات دیکھی ہیں پانچ سال پہلے وکلاء کے ساتھ بہت بڑا دہشتگردی کا واقعہ اور سانحہ پیش آیا آج تک ہم انہیں انصاف نہیں دلوا سکے آج بھی نااہل اور نالائق حکومت کے دور میں جگہ جگہ نا انصافی اور مظالم ہورہے ہیں پیپلز پارٹی و ہ واحد جماعت ہے جو بلوچستان کے حقوق کا دفاع کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ سیاست میں ایک نئی نسل شروع ہورہی ہے۔

میں سندھ، بلوچستان ،پنجاب، خیبر پختونخواء کے نوجوانوں کے ساتھ ملکر ایک نئی تاریخ رقم کرنا چاہتاہوں میرا خواب اور وژن ہے کہ اس ملک کے عوام ترقی کریں ، عوام کو اپنی محنت کا صلہ ملے کسان کو اپنی فصل کی قیمت، مزدور کو اپنی محنت کا صلہ ملے اور ایک ہی جماعت ہے جو غریب عوام اور عام آدمی کا ساتھ دیتی ہے وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔

ہم نے ایک بار ماضی میں غریب عوام کی قسمت بدلی اب ہمیں ایک بار پھر عام اور غریب آدمی کا مستقبل تبدیل کرسکیں انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا خواب تھاکہ بچے بچے کے پاس انکے حقوق، بولنے ،سیاست کرنے کی آزادی ہوصاف وشفاف انتخابات ہوں ہمیں ملکر کام کرنا پڑیگا اور ہم پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب بنا کر ایسی عوامی حکومت قائم کریں گے۔

جو عام آدمی کے مسائل حل کرسکتی ہوں انہوں نےپاکہا کہ عوام پہچان چکے ہیں کہ تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی ،تاریخی غربت، بے روزگاری ہے اگر ہم نے ان مسائل سے نکلنا ہے تو پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہے انہوں نے کہا کہ جو لو گ شامل ہوئے ہیں انکا شکرگزارہوں انکے ساتھ ملکر پارٹی کو فعال اور مضبوط بنائیں گے۔

پارٹی کو دوبارہ منظم کریںگے صوبائی صدر چنگیز جمالی کی کورونا وائرس سے جلد صحت یابی کے لئے پرامیدہوں ہم نے ملکر کام کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہم عزت کی سیاست کرتے ہیں بلوچستان کے عوام کو عزت دیں گے۔