|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2021

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے گزشتہ روز کلی کتیر کچلاک میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر ملک عبیداللہ کاسی کی بہیمانہ قتل پر ان کے صاحبزادے ملک سنگین خان کاسی ،چھوٹے بھائی ملک محمدیونس کاسی چچازاد ملک عبدالناصر کاسی ودیگر لواحقین سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ اور سینئر رہنماء ارباب غلام کاسی ایڈووکیٹ، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر جمال الدین رشتیاء ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے خوشحال خان کاسی ،رحمت اللہ صابرودیگر بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر انہوں نے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے ملک عبیداللہ کاسی کے بہیمانہ ،دردناک وحشانہ طرز قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے انہوں نے شہید ملک عبیداللہ کاسی کے قومی سیاسی جمہوری حقوق کی جدوجہد کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید کو جس اذیت ناک انداز میں راستے سے ہٹایا گیا یہ عمل بربریت ،ظلم اور جبر سے بھی بڑھ کر ہے جس کی رہتی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ،شہید ملک عبیداللہ کاسی ایک قبائلی رہنماء کے ساتھ ساتھ ایک سیاسی کارکن تھے۔

جنہوں نے اپنے قومی حقوق ،ملک میں آئین کی بالادستی ،جمہوریت کوفروغ دینے ،قومی نابرابری ،سماجی انصاف ،انسانی حقوق کی برابری کیلئے جدوجہد میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردارادا کرتے ہوئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ نادہندہ اور غیر جمہوری قوتیں ایسے سیاسی کارکنوں سے خوف زادہ اور بوکھلاہٹ کاشکار ہیں شہید جیسے سیاسی کارکنوں کوخریدنے ،بکنے اور اپنے اصولوں پر سودے بازی پر راضی نہ کرنے کے بعد ایسے گھنائونے غیر انسانی ہتھکنڈوں ،ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنا کر مسخ شدہ لاشوں کے تحفے پیش کئے جاتے ہیں۔

تاکہ بلوچ،پشتون ،سندھی ،سرائیکی اور ملک میں آباد کچلے ہوئے طبقات ،باشعور اقوام اپنے قومی ،پیدائشی ،آئینی اور جمہوری حقوق کی جدوجہد سے دستبردار ہوکر حق اور سچائی ،انصاف کے حصول کیلئے اپنے قومی واک واختیار ،تشخص ،بقاء ،سلامتی ،قومی ننگ وناموس ،وطن اور جغرافیہ کے ساحل وسائل پر آواز بلند نہ کرکے راہ فرار اختیار کریں لیکن تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ محکوم ومظلوم اقوام کی تحریکوں سے وابستہ سیاسی کارکنوں نے طویل ترین آمرانہ ادوار کے ظلم وزیادتیوں ،قید وبند کی صوبتیں ،قتل وغارت گیری ،ٹارگٹ کلنگ اوردیگر ناانصافیوں ،ظلم وستم کی پرواہ کئے بغیر اپنے قومی،وطنی حقوق کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوئے۔

جس کی واضح مثال شہید ملک عبیداللہ خان کاسی کی شہادت ہے کہ جنہوں نے نادہندہ قوتوں اور ان کے گماشتوں کے مطالبات اور ظالمانہ اور منفی ہتھکنڈوں کے سامنے سرخم کئے بغیر اپنی جان کانذرانہ پیش کیاانہوں نے کہاکہ جب تک ملک میں آباد بلوچ پشتون ،سندھی ،سرائیکی ودیگر محکوم ومظلوم ،ترقی پسند ،روشن خیال قوم وطن دوست عوام متحد ومنظم نہ ہوئے ہیں تو ایسے واقعات کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری رہے گا ،محکوم قوموں کے حقوق کی جدوجہد کیلئے شہید ملک عبیداللہ کاسی پہلااور نا آخری شہید ہے بی این پی مشکل کی اس گھڑی میں شہید ملک عبیداللہ کاسی کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر وجمیل عطاء فرمائے ۔