کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے نواں کلی میں بچی کے ساتھ ہونیوالی زیادتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث درندہ صفت ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سول ہسپتال کوئٹہ میں متاثرہ بچی کے اہلخانہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع انہوں نے بچیوں کے ساتھ ہونیوالے جنسی زیادتیوں کے پے درپے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ قبائلی اقدار روایات کے امین صوبے میں ایسے واقعات کے رونما ہونے سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔
ریاست اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ایسے درندہ صفت انسانوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں ایسے واقعات کا نوٹس لیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آج ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں واقعے کے خلاف ایوان میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گی اور اس وقت تک اس احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا جب تک ان واقعات میں ملوث ملزمان اپنے انجام تک نہیں پہنچتے۔