خضدار: انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان عثمان غنی صدیقی نے کہا ہے کہ قیدی ہمارے معاشرے کا حصہ ہے انہیں کارآمدشہری بنانے کے لئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے سماجی تنظیم کی اشتراک سے بلوچستان کے تمام جیلوں میں قیدیوں کو تعلیم صحت اور صاف پانی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا گیا ہے۔
محکمانہ ضابطے کے مطابق مستحق قیدیوں کو سزائوں میں رعایت دی جائیگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل جیل خضدار میں سٹرڈے ویلفیئر گروپ کے تعاون سے لگائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کے دوران کیا تقریب سے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی راہنما آغا شکیل احمد درانی ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ ڈی آئی جی جیل خانہ جات سائوتھ قلات عبدالرزاق شاہ سٹر ڈے ویلفیئر گروپ کراچی کے۔
دانش امان سپرننڈنٹ سنٹر جیل خضدار محمد اسلم ترین مولانا محمد نصیب عمرانی و دیگر نے خطاب کیا اس موقع پر ایس ایس پی خضدار ارباب امجد علی کاسی بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار عزیز محمد عمرانی سردار بلند خان غلامانی آغا شہر یار درانی سپرنندنٹ سنٹرل جیل گڈانی محمد اسحاق زہری سپرننڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل تربت محمد یاسین سپرننڈنٹ ڈسڑکٹ جیل سبی عبداللہ کاکڑ سپرننڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ڈیرہ مراد جمالی حماد اسلم سپرننڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل نوشکی سمیع اللہ کاکڑ ڈپٹی سپرننڈنٹ سنٹرل جیل خضدار صدام حسین بلوچ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عصمت اللہ محمدشہی میڈیکل اسٹاف عبدالقادر جتک و دیگر بھی موجود تھے۔
آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں قیدیوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ جیلوں میں انہیں پینے کی صاف پانی کی فراہمی کویقینی بنارہے ہیں اور بہت جلد سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے قیدیوں کے لئے خوراک کا انتظام کیا جائے گا اس کے علاوہ بلوچستان کے تمام جیلوں میں ووکیشنل سینٹر بنارہے ہیں تاکہ قیدی رہائی کے بعد باعزت روگار کمانے کے قابل ہوسکیں اور دوبارہ جرم کی راہ اختیار نہ کریں۔
اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے راہنما آغا شکیل احمد درانی نے آغا شہباز ویلفیئر ٹرسٹ خضدار کی جانب سے خضدار سنٹرل جیل کے قیدیوں کے لئے واٹر بور اور ایل سی ڈی لگانے کا اعلان کیا اور دیگر بنیادی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔