|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2021

کوئٹہ :  بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) بلوچستان کے عوام کی ترجمان جماعت ہے ہم اقتدار میںہو یا اقتدار سے باہر اپنے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے آواز بلند کرتے رئینگے بلوچستان میں بارڈر کی بندشن،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ،منشیات کا بڑھتا ہوا کاروبار،پنجگور کے معصوم قدیر خلیل کے قتل کوئٹہ کی سات سالہ بچی کیساتھ زیادتی جیسے ظلم و زیادتیوں کیخلاف بی این پی (عوامی) ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام پریس کلب کوئٹہ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار سے بی این پی (عوامی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی، سی سی کے ممبر عبدالوکیل مینگل،سی سی ممبر الہیٰ بخش بلوچ،سی سی ممبر ڈاکٹر یاسر شاہوانی،سی سی ممبر حاجی علی اکبر جتک،آرگنائزر ضلع بولان میر دائود بنگلزئی،مستونگ کے ڈپٹی آرگنائزر ابراہیم شاہوانی،غلام فاروق لہڑی، فاطمہ مینگل،عبدالحمید ،ممتاز اختر ،رحیم بی بی و دیگر نے خطاب کیا ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے کہا کہ بلوچستان میں لاکھوں لوگوں کا ذریعہ معاش بارڈر سے منسلک ہے۔

لہذا بارڈر کے حوالے سے پنجگور تربت و دیگر علاقوں میں مزید گیٹ کھولے جائے اور کم از کم دو ہزار گاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر سٹیکر فراہم کیئے جائے تاکہ لوگوں کا گزر بسر ممکن ہو پنجگور میں چار سالہ معصوم بچے قدیر خلیل کے قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے پارٹی کے پارلیمانی لیڈر میر اسد اللہ بلوچ نے پہلے دن اسمبلی کے فلور پر پنجگور کے نا اہل ڈی پی او کی نشاندہی کی تھی اور کہا تھا کہ اُ س میں وہ اہلیت نہیں ہے۔

کہ وہ پنجگور جیسے علاقے کے امن و امان کو سنبھال سکے اس کے باوجو د اس نا اہل ڈی پی او کو ٹرانسفر نہیںکیا گیا اس کے بعد آج تک پے در پے پنجگور میں نا خوشگوار واقعات رونماء ہورہے ہیں معصوم قدیر خلیل کے قتل کا ذمہ دار ڈی پی او اور ایس ایچ او ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قدیر خلیل کے قاتلوں کو گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے بلوچستان میں منشیات کا کاروبار ناسور کی طرح تیزی سے پھل رہا ہے منشیات کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

تاکہ مزید تباہی و بربادی سے بچا جا سکے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے زمیندار کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں لوگوں کے تیار باغات کو بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی نہ مل سکا جس کی وجہ سے باغات خشک ہورہے ہیں لہذا بلوچستان کو اُس کے کھپت کے مطابق بجلی بجلی فراہم کی جائے مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں اور اپنی عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑینگے اقتدار میں ہونے کا مقصد یہ بلکل نہیں ہے۔

کہ ہم وفاق کی جانب سے ہونے والی نا انصافیوں کیلئے آواز بلند نہیں کرے بی این پی (عوامی) اپنے عوام کے ساتھ ہے اور کسی صورت اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی اس وقت صوبے میں ہمارے ساتھ جو وزارت ہیں اُس کو بھی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و پارلیمانی لیڈر واجہ میر اسد اللہ بلوچ ایک وژن کیساتھ آگے بڑھارہے ہیں اور کوشش یہی ہے۔

کہ اس وزارت سے بھی بلوچستان کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچا سکیں عوامی انڈومنٹ فنڈ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے جس سے ہزار وں غریب و نادار مریض مستفید ہورہے ہیں علاوہ ازیں معذوروں کو ٹرائی موٹر سائیکل کی فراہمی ،نان فارمل کے تحت غیر رسمی تعلیم کے ذریعے اُن بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا جو کسی مجبوری کی وجہ سے اپنی تعلیم مکمل نہیں کر سکیں یہ سب بی این پی (عوامی) کے مرکزی سیکرٹری جنرل و صوبائی وزیر میر اسد اللہ بلوچ کا وژن ہے بی این پی (عوامی) کی سیاست کا محور بلوچستان کے عوام کی خدمت کرنا ہے۔