پاکستان میں عالمی وبا کوروناوائرس کے باعث اموات کی مجموعی تعداد 24 ہزار 266 ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق ملک بھر میںمزید 4 ہزار 619 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کوروناکے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 89 ہزار 913 ہو گئی ہے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7.76 فیصد رہی۔سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 4 لاکھ 7 ہزار 892، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 50 ہزار 708، پنجاب میں تین لاکھ 69 ہزار 358، اسلام آباد میں 92 ہزار 768، بلوچستان میں 31 ہزار 396، آزاد کشمیر میں 28 ہزار 654 اور گلگت بلتستان میں 9 ہزار 137 ہو گئی ہے۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار 307افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 6 ہزار 355، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 624، اسلام آباد 827، گلگت بلتستان 161، بلوچستان میں 332 اور آزاد کشمیر میں 660 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے محرم الحرام کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ہدایات متعلقہ علماء کی سفارشات کو مد نظر رکھ کر جاری کی گئی ہیں۔
این سی او سی نے کہا ہے کہ تمام مجالس اور جلوس کورونا SOPs کے تحت منعقد کیئے جائیں گے۔مجالس اور جلوسوں کے دوران ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ اور تھرمل اسکریننگ یقینی بنائی جائے گی۔ گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب برتا جائے۔این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر ہینڈ سیناٹئزرز اور ماسک مہیا کیئے جائیں۔مجالس ہوادار اور کھلے کمروں میں منعقد کی جائیں۔
ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کر سکے گی۔ مجالس اور جلوسوں کے دوران کورونا SOPs کو نمایاں آویزاں کیا جائے۔اسی طرح یوم آزادی کی تقریبات کے دوران سرکاری سطح پر انتہائی محدود پیمانے پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ وباء کے چیلنج سے نمٹا جاسکے ، سڑکوں پر رش روکنے کیلئے سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ بعض مقامات پر آتش بازی بھی نہیں کی جارہی ،جم غفیر کو روکنے کیلئے بہتر انتظامات بھی کئے گئے ہیں جوکہ خوش آئند بات ہے۔
عوام کی جانب سے بھی اس بار کورونا وباء کے حوالے سے ایس اوپیز پر بعض حد تک عملدرآمد ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ بہرحال یوم آزادی اور محرم الحرام کے دوران زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ کورونا وباء ملک میں ایک بار پھر سر نہ اٹھائے۔ اس وقت ملک میں کورونا کی صورتحال بعض حد تک کنٹرول میں ہے جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد اپنی ویکسی نیشن بھی کروارہی ہے مختلف مقامات پر عوام کی سہولت کیلئے ویکسی نیشن سینٹر بھی قائم کئے گئے ہیں۔
تاکہ عوام کو کسی دقت اور مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ اسپتالوں میں بھی ویکسی نیشن کے انتظامات تسلی بخش ہیں۔ حکومتی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات سے امید ہے کہ کورونا وباء کی چوتھی لہر پر جلد قابو پالیاجائے گا اور معمولات زندگی اسی طرح بحال رہیں گی تاکہ لوگوں کو کسی طرح کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے مگر عوام کو خود بھی احتیاطی تدابیر اسی طرح سے اپنانے چاہئیں تاکہ وہ اپنے آپ کو اور اپنے خاندان کو اس وباء سے بچاسکیں۔