خضدار: تحصیل نال گریشہ کودہ کوڑاسک اور فیروز آباد سے تعلق رکھنے والے زمینداران حاجی عبداللہ سمالانی، میر عبدالرب مینگل، میر اللہ داد ساجدی، حاجی فتح محمد سمالانی حماد اللہ مردوئی اور دیگر نے خضدار پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ترقی کے لئے مواصلاتی نظام لازم تصور ہوتا ہے لیکن ہمارے لئے خضدار تا بسیمہ روڈ باعث زہمت بن گئی ہے۔
روڈ کی تعمیرات کے دوران فیروز آباد نال گریشہ کودہ اورسڑک کنارے کئی علاقوں کے آباد اراضیات پر کھڑی فصلیں سبزیات کو تلف کرکے ٹیوب ویلز اور مکانات کو بھی زمین بوس کیا گیا اور ہمارے زمینداروں کوکروڑوں روپے کے نقصانات سے دو چار کردیا ہم نے بارہا ضلعی انتظامیہ کو تحریری اور زبانی آگاہ کرتے رہے کہ کہ خضدار تا بسیمہ روڈ کی تعمیرات کے دوران ہماری اراضیات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
ہماری فصلیں تباہ ہوگئی ہیں ہماری آباد اراضیات پر نصب ٹیوب ویلز کو بھی ناکارہ بنایا جا رہاہے اس دوران مذکورہ تعمیراتی کمپنی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان کئی میٹنگز بھی ہوئیں اور فی ایکڑ تیس لاکھ روپے طے کیا گیا لیکن گزشتہ دوسال سے ہمارے ہزاروں متا ثرہ زمینداروں کی داد رسی نہیں ہو رہی ہے ہم میں سے بیشتر زمیندار نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کو بھی بارہا اپنی خدشات سے آگاہ کیا کہ ہمیں جو نقصانات ہوئے ہیں ان کا زالہ کیا جائے لیکن کوئی ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے ان کا کہنا تھا کہ ہماری اطلاع کے مطابق فیروز آباد نال گریشہ اور دیگر زمیندار متا ثرین کے لئے معاوضہ جات کی رقم آئی ہے لیکن اس کے باوجود ہماری شنوائی نہیں ہورہی ہے۔
زمینداوں کا کہنا تھا کہ ہم یہ واضح کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ ہم ترقی کے خلاف نہیں بیسمہ ٹو خضدار روڈ کی تعمیر پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں مگر ہماری اراضیات کو جو نقصان پہنچایا گیا اور ملکی قوانین کے تحت ہمیں معاوضہ ادا کرنے سے پس و پیش سے کام لیا جا رہا ہے جو سنگین نا انصافی ہے اس متعلق ہم نے تمام متعلقہ زمہ داران سے ملاقاتیں کیں اپنی فریاد پہنچائی مگر افسوس کہیں سے کوئی داد رسی نہیں ہو رہی۔
اس لئے اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے حق کے لئے اٹھ کھڑے ہو جائیں اس کے لئے ہم پہلے اپیل کرتے ہیں کہ نہ صرف ہمارے اراضیات کا معاوضہ دیا جائے بلکہ جو کھڑی فصلیں تباہ کی گئیں زرعی ٹیوب ویلوں کو جو نقصان پہنچایا گیا ان کا بھی معاوضہ فوری طور پر ادا کئے جائیں اگر ہماری اپیل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
تو ہم نال،کودا کوڑاسک اور فیروز آباد کے زمیندار مشترکہ طور پر بیسمہ ٹو خضدار قومی شاہراہ پر جاری کام کو احتجاجاً روک دیں گے اور اس پوری صورتحال کا زمہ دار وہ ادارے اور شخصیات ہونگے جو ہمارے نقصان اور اراضیات کا معاوضہ دینے سے پس و پیش سے کام لے رہے ہیں۔
اس موقع پر نال فیروز آباد اور گریشہ کے متا اثرین زمینداران حیدر علی ساجدی محمد وارث سمالانی جہانگیر ساجدی علم خان سمالانی مرید ساجدی عبدالرحمن مینگل امداد رخشانی محمد عارف مینگل سیف اللہ مینگل حمل ساجدی حمزہ لانگو اللہ بخش نتھوانی نوربخش رخشانی مولوی عبدالجلیل مردوئی شیر محمد باجوئی بھی موجود تھے۔