کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں مارواڑ میں بے گناہ کانکنوں کے ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بے گناہ مزدوروں ‘ محنت کشوں کی شہادت یقینا قابل افسوس ہے بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہمیشہ بے گناہ انسانوں کے قتل و غارت گری کی مذمت کی ہے مزدور جو خیبرپختونخواء سے آ کر کئی سالوں میں کوئلہ کانوں میں محنت کر کے بچوں کا پیٹ پال رہے تھے۔
تین نوجوانوں کے ساتھ جو دلخراش واقعہ پیش آیا بی این پی اس کی مذمت کرتی ہے اور کہتی ہے کہ سنجدی ‘ ماروڑ ‘ بلوچستان کے دیگر جتنے کان کانوں کے لیز ہیں کان کنوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
تاکہ بے گناہ کا مزید خون نہ بہے نہتے مزدوروں کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے دریں اثناء بی این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ‘ ایم پی اے ملک نصیر شاہوانی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وقت معاونت کرتے ہوئے فوری معاوضہ دے انسانی جانوں کی کوئی قیمت نہیں مگر جو لواحقین ہیں ان کا گزر بسر ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کی بحالی میں ناکام ہو چکی ہے حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مثبت سوچ اپناتے ہوئے ایسے واقعات کے روک تھام کیلئے اقدامات کرے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات کو بلند فرمائے۔