ڈیرہ اللہ یار: اوستہ محمد میں بدامنی کے خاتمے کے لیے سی آئی اے اور سٹی تھانہ کی پولیس نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث مختلف گروہ کے 15 کارندوں کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولیاں اور موٹرسائیکلیں برآمد کر لی ہیں اوستہ محمد میں گزشتہ پولیس کارروائیوں میں ملزمان کی گرفتاری اور برآمدگی کے متعلق ایس ایس پی جعفرآباد سردار حسن خان موسیٰ خیل نے سی آئی اے انچارج جعفرآباد عبدالروف جمالی اور سٹی تھانہ اوستہ محمد کے ایس ایچ او غلام علی کنرانی کی موجودگی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اوستہ محمد میں گزشتہ دو ماہ سے امن امان کی صورتحال کافی غیر تسلی بخش ہوگئی تھی۔
جرائم پیشہ افراد کے گروہ سرگرم ہو کر چوری ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں مصروف تھے جس کے باعث شہری اور تاجر عدم تحفظ کا شکار ہوگئے تھے بدامنی پر قابو پانے کے لیے سی آئی اے اور سٹی پولیس کے قابل افسران سب انسپکٹر عبدالروف جمالی اور سب انسپکٹر غلام علی کنرانی سمیت دیگر پولیس افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
سی آئی اے انچارج عبدالروف جمالی اور سٹی تھانہ کے ایس ایچ او غلام علی کنرانی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دن رات کی کارروائیوں کے دوران چوری ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ گروہ کے 15 اہم کارندوں کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے ٹی ٹی پستول، کلاشنکوف اور شارٹ گن سمیت بھاری مقدار میں گولیاں اور مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکلیں برآمد کر کے جرائم پیشہ گروہوں کی کمر توڑ دی ہے اور پولیس کا رٹ بحال کرتے ہوئے امن امان کی فضا قائم کی اوستہ محمد میں بدامنی پر قابو پانا پولیس کے لیے چیلنج بن چکا تھا تاہم پولیس اور سی آئی اے کے قابل افسران نے اپنی کوششوں سے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے امن بحال کر دکھایا ہے