|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2021

تربت: تربت سول سوسائٹی کے کنوینر کامریڈ گلزار دوست کو پولیس نے گرفتار کرلیا، سول سوسائٹی کارکنان کی شخصی ضمانت پر رہا کردیے گئے۔ تربت پولیس نے ایک پرانے مقدمے میں ملوث تربت سول سوسائٹی کے کنوینر کامریڈ گلزار دوست کو گرفتار کرنے کے بعد سول سوسائٹی کے کارکنان کی شخصی ضمانت پر رہا کردیا۔گلزار دوست کے گرفتاری کی اطلاع ملنے کے بعد تربت سول سوسائٹی، کیچ سول سوسائٹی، آل پارٹیز کیچ، کیچ بار ایسوسی ایشن اور بارڈر ٹریڈ یونین نے کارکنان کی بڑی تعداد تھانہ پہنچ گئی۔

ڈی ایس پی عدیل اکبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلزار دوست تربت پولیس کو 29 جون 2007 کے ایک مقدمے میں مطلوب تھے، انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ایک ریلی نے ڈپٹی کمشنر کیچ کی آفس کے مین گیٹ پر توڑ پھوڑ کے ساتھ کارسرکار میں مداخلت کی تھی جس میں گلزار دوست سمیت دیگر کئی افراد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں باقی لوگوں نے پہلے اپنی ضمانت کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلزار دوست نے پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے گرفتاری پیش کی جس کو قانونی تقاضے پورا کرنے کے بعد شخصی ضمانت پر رہا کردیا ہے۔ قبل ازیں گلزار دوست کے گرفتاری کی اطلاع ملنے کے بعد آل پارٹیز کیچ کے کنوینر مشکور انور ،طارق بابل، کیچ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر جاڈین دشتی ایڈووکیٹ، مجید شاہ ایڈوکیٹ، کیچ سول سوسائٹی کے کنوینر التاز سخی، انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری غلام اعظم دشتی، تربت سول سوسائٹی کے کارکنان ظفر رند، مبارک بلوچ، بارڈر ٹریڈ یونین کے رہنما شھداد دشتی اور مند سول سوسائٹی کے رہنما عبداللہ میر کے علاوہ دیگر سیاسی و سماجی کارکنان بھی پولیس تھانہ پہنچ گئے۔