|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2021

کوئٹہ: گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا ہے کہ کارکنان پاکستان تحریک انصاف میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کر کے گورنر ہاؤس کے دروازے کارکنان اور زندگی کے تمام طبقات کے لوگوں کے لیے کھول دیئے ہیں، وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر عملدرآمد اور جعلی ڈومیسائل پر بھرتیاں روکنے کے لیے جامع میکینزم وضع کیا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد ادریس تاج سے بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا کہ کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں پانی کی کمی اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے وفاقی وزراء کے ساتھ ملاقاتوں میں چیک ڈیمز بنانے کی تجویز پیش کی ہے تاکہ بارشوں کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکیں جبکہ کوئٹہ شہر میں گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی اور شہریوں کو بلاجواز جرمانوں سے بچانے کے لیے عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے وزرات توانائی و پٹرولیم کے حکام کے ساتھ اجلاس میں اٹھایا جائے گا،گورنر سید ظہور آغا نے کہا کہ بلوچستان میں بہت صحت کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے جس سے متوسط طبقے کے لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات مہیا ہو سکے گی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں کیونکہ نئے پاکستان بنانے میں پی ٹی آئی کے ٹائیگرز کی خدمات اور قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے اور اس ضمن میں نے بطورِ گورنر بلوچستان آئی پی کلچر کا خاتمہ کر کے گورنر ہاؤس کے دروازے کارکنان اور زندگی کے تمام طبقات کے لوگوں کے لیے کھول دیئے ہیں۔