تربت: آل پارٹیز کیچ کا ایک اہم اجلاس طلبہ تنظیموں کی نمائندوں کے ساتھ منعقد ہوا جس میں تربت یونیورسٹی اور عطاشاد ڈگری کالج سمیت تعلیمی اداروں میں طلبہ سیاست پر پابندی کے خلاف بحث و مباحثہ ہوا اور تعلیمی اداروں میں طلبہ سیاسی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ آل پارٹیز کیچ کے اجلاس کی صدارت کنوینر مشکور انور ایڈووکیٹ نے کی جبکہ دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنما بھی موجود تھے، اجلاس میں بی ایس او پجار، بی ایس او، جے آئی ٹی سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
طلبہ نمائندوں نے تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی اور طلبہ کو درپیش مشکلات بیان کیں۔ اجلاس میں تربت یونیورسٹی سمیت عطاشاد ڈگری کالج میں طلبہ سیاست کی بحالی کے لیے بحث کرتے ہوئے آل پارٹیز کیچ کے رہنماؤں نے کہا کہ طلبہ سیاست کی وجہ سے قومی پارٹیاں لیڈرشپ جنم دیتی ہیں، کسی صورت مکران اور ضلع کیچ کے تعلیمی اداروں میں طلبہ سیاست پر قد غن قبول نہیں کریں گے، اس عمل کے خلاف آل پارٹیز کیچ بہت جلد متعلقہ اداروں کا دورہ کرکے طلبہ سیاست کو متحرک کرے گی اگر کہیں سے رکاوٹ ڑالنے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف رد عمل دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ ہمارے سیاسی مستقبل کے فرنٹ لائن ہیں ان کو غیر متحرک رکھ کر نہ صرف ان کی سیاسی بلکہ تعلیمی صلاحیتوں کو برباد کرنے کی پلاننگ کی گئی جو ایک خطرناک رجحان ہے جس کے مستقبل کی قومی سیاست پر انتہائی تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد تمام طلبہ تنظیموں کا ایک مشترکہ اجلاس بلائیں گے جہاں پہ تنظیموں کے درمیان یکجہتی پیدا کرکے ایک الائنس بنائیں گے اور ان کو متحرک کرکے سیاسی بیک اپ فراہم کریں گے۔