|

وقتِ اشاعت :   August 28 – 2021

تربت: بی ایس او کے مختلف دھڑوں سمیت بساک سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔ بی ایس او پجار تربت زون کے سنیئر وائس چیئرمین بوھیر صالح ایڈوکیٹ اور صوبائی جنرل سیکرٹری عابد عمر کے ہمراہ تربت پریس کلب میں پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے بی ایس او مینگل تربت زون کے سابق انفارمیشن سیکریٹری جالب خالق بلوچ اور تربت زون کے سینئر ممبر خدا بخش بلوچ، بی ایس او ظریف گروپ کے انفارمیشن سیکرٹری مہران عطاء بلوچ، بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی تربت زون کے سنیئر ممبران، یونیورسٹی آف تربت کے۔

طالب علم سخی بخش بلوچ، سعید دشتی یونیورسٹی تربت کے طالب علم اکرام برکت، جاسم دشتی اور لاء کالج تربت کے طالب علم اسامہ بلوچ، حارث بلوچ سمیت بی ایس او مینگل، بی ایس او ظریف، بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے ممبران نے کثیر تعداد میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے اغراض و مقاصد پر اتفاق کرکے باقاعدہ شامل ہونے کا اعلان کردیا، اس موقع پر بی ایس او پجار کے زونل آرگنائزر نوید تاج بلوچ سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی ایس او پجار کے مرکزی وائس چیئرمین بوھیر صالح نے نئے شامل ہونے والے کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔

اور کہا کہ بی ایس او پجار غیر روایتی بنیاد پر طلبہ کو متحد کرکے سیاسی شعور پیدا کررہی ہے، ہمارا مقصد طلبہ کو سیاسی طورپر منظم کرکے انہیں باشعور بنانا ہے تاکہ وہ اپنی قومی زمہ داریوں سے آگاہ ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ بی ایس او پجار ایک پر امن جمہوری سیاسی ماحول پر یقین رکھتی ہے اور اسی نہج پر طلبہ کو ایک سیاسی لائن سے منسلک کرکے طلبہ حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔