مند: مند سول سوسائٹی کے رہنما عبداللہ میر کی جانب سے کمشنر مکران ڈویڑن کو لکھے گئے ایک درخواست میں کہا گیا ہے کہ 2مئی 2021ء سے ایرانی حکام نے کرونا وباء کی وجہ سے مند ردیگ بارڈر راہداری مکمل بندکیاہے جس کی وجہ سے بارڈرکے دونوں اطراف کے لوگوں کوسخت پریشانیوں کاسامنا ہے۔
کیونکہ بارڈر کے دونوں اطراف آباد علاقہ مکینوں کی آپس میں رشتہ داریاں ہیں،جن کاشادی بیاہ، خوشی اور غم میں ایک دوسرے کے علاقے میں آناجانا رہتاہے مگر گزشتہ4مہینوں سے مند ردیگ بارڈر راہداری کیلئے مکمل بندہے جس کی وجہ سے دونوں اطراف کے لوگوں کا رابطہ اورآمد ورفت مکمل طورپر بند ہے اس لئے سرحدی عوام کی پریشانیوں کوملحوظ خاطر رکھتے ہوئے۔
ایرانی حکام بالا سے رابطہ کیاجائے اورمند ردیگ راہداری کھولنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کی آمدورفت میں حائل رکاوٹیں دورہوسکیں تاکہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات دوستانہ برقرار رہیں اورلوگ اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں سے ملاقات کرسکیں۔
انہوں نے اپنے درخواست میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوارمحترمہ زبیدہ جلال، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد، وزیراعلیٰ بلوچستان، آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ ودیگر اعلیٰ حکام سے درخواست کی ہے کہ ایرانی حکام بالا سے رابطہ کریں اور مند ردیگ بارڈر راہداری کو SOPs کے ساتھ لوگوں کی آمد و رفت کیلئے کھلوائیں۔