|

وقتِ اشاعت :   August 29 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ صحافی ذاتی مفادات پر قومی مفاد کو ترجیح دے کر اپنے سماج کو زندہ اور باوقار سماج بنانے کیلئے اپنے قلم سے حق اور سچ لکھتے ہوئے معاشرے میں بحران ، استحصال ، کرپشن ظلم اور ناانصافیوں کی نشاندہی کریں۔

یہ بات انہوں نے یوم شہداء صحافت کے موقع پر نوجوان صحافی عبدالرسول خجک و دیگر کی یاد میں کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تعزیتی ریفرنس سے صدر کوئٹہ پریس کلب عبدالخالق رند ، داد محمد ابڑو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر شہید عبدالرسول کے بھائی عبدالنبی خجک ، شہید نوجوان صحافی عبدالواحد رئیسانی کے بھائی اسفند یار رئیسانی ، بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے طلباء بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ شہداء صحافت کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم شہداء کے حق اور سچ کی آواز میں اپنی آواز ملاتے ہوئے ان کی آواز کو زندہ رکھ کر معاشرے سے گھٹن خوف جبر ، استحصال کا خاتمہ کرتے ہوئے خوشحالی لائیں۔

یوم شہداء صحافت کا دن صحافیوں سے تقاضہ کرتا ہے کہ زاتی مفادات پر قومی مفاد کو ترجیح دیں انہوں نے کہا کہ باقی دنیا کا تجزیہ کیا جائے تو وہ ممالک جنہوں نے آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کو ترجیح دی وہ آگئے چلے گئے انہوں نے کہا کہ لوگ ذہنی محکومی کا بھی شکار ہیںلوگ ظلم وجبر کو قبول کرکے اس کیخلاف مزاحمت نہیں کرتے اگرہم مزید ڈر ڈر کر زندگی گزاریں گے تو اس کا مطلب ہم اپنی آئندہ نسلوں کو خوف منتقل کررہے ہیں وہ بھی ڈر ڈر کر اپنی زندگی گزا کر اپنے وساحل کی لوٹ مار پر خاموش ر ہیں اگر ایسا ہواتو تاریخ ہمیں مجرم گردانے گی۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے معاشرے میں اخلاقی اقدار کی پرورش کی جائے نہ کہ لوگوں کاوقت ضائع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام صحافی ان عظیم شہداء جنہیں نے حق اور سچ کے راستہ کا انتخاب کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کی قربانی دی انہیں خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے بحران زدہ سماج کو بحران سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے آگئے بڑھیں۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مولانا منیر عطاری نے شہداء کے روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی جبکہ اس موقع پر لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔