|

وقتِ اشاعت :   September 3 – 2021

تربت:  سیاسی رجحان بہت تیزی سے نیشنل پارٹی کے حق میں تبدیل ہورہاہے، لفاظی کے بجائے عملی کام کئے۔

ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے دشتی بازار میں شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا نیشنل پارٹی جمہوریت، وفاقیت اور آئین کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، نیشنل پارٹی کی سیاست کا محور عوام کے حقوق کی فراہمی اور معاشرے کی ترقی و خوشحالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ مختصر دور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ھیں، امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا، میڈیکل کالج اور یونیورسٹیوں کی تعمیر سے عام آدمی کو بلاتفریق اعلی اور بہتر تعلیم تک رسائی ممکن ہوئی۔آخر میں انہوں نے پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو ویلکم کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی کی کارکردگی سے متاثر ہو کر لوگ جوق در جوق پارٹی میں شمولیت اختیار کررے ھیں۔

شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے واجہ ابولحسن بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کو جب بھی اقتدار ملا تو تعلیمی میدان میں مثالی کارکردگی دیکھائی، انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ واضح رہے کہ پی این پی عوامی دشتی بازار تربت کے سرگرم رھنما وقار احمد گورگیج نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی موجودگی میں سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی این پی عوامی سے استعفی دیکر نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

اس موقع پر ضلعی صدر مشکور انور بلوچ ایڈوکیٹ، محمد جان دشتی، نثار بزنجو، رجب یاسین، ناصر رند، نوید احمد جان، حفیظ علی، عبداللہ دشتی، عبدالرحیم، کیپٹن رحیم بخش، حمید دشتی، سلیم دشتی سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔