|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2021

خضدار: پاکستان پیپلز پارٹی ،پشتونخواء ملی عوامی پارٹی ،نیشنل پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی ،کے رہنماوں نے عظیم بلوچ قوم پرست رہنماء و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار عطاء اللہ مینگل کے انتقال کو مظلوم اقوام کی تحریکوں کے لئے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سردا ر عطاء اللہ مینگل ایک مدبر سیاست دان تھے اس کی پوری جدو جہد بلوچ قوم سمیت تمام مظلوم اقوام کی حقوق کے حصول میں گزری ،جیل کاٹی ،بیٹے کی قربانی دی ،سنگین حالات کا مقابلہ کیا مگر اس کی سیاست کبھی پس و پیش کا شکار نہیں ہوا تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء و رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے سردار عطاء اللہ مینگل کے نماز جنازہ میں شرکت کرنے کے بعد مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سردار عطاء اللہ مینگل عظیم سیاست دان تھے۔

انہوں نے ہمیشہ حق او ر سچ کی بات کی کبھی اصولو ں پر سودے بازی نہیں کی جب تک سیاست میں متحرک رہے وہ بلوچ قوم کی مظلومیت بیان کرتے رہے ان کی انتقال سے نہ صرف بلوچستان بلکہ وادی مہران بھی ایک عظیم ہستی کی رہنمائی سے محروم ہو گئی ہے ،پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر حامد اچکزئی نے جنازہ نماز میں شرکت کرنے کے بعد اپنے گفتگو میں بتایا کہ سردار عطاء اللہ مینگل کے انتقال سے مظلوم اقوام کی تحریکوں کو جو نقصان پہنچا ہے۔

اس کا ازالہ کرنا ممکن نہیں انہوں نے پونم کی پلیٹ فارم سے مظلوم اقوام کی حقوق کی جد و جہد میں بنیادی کردار ادا کیا تھا ان کی کردار کو پشتوانخواء ملی عوامی پارٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سردار عطاء اللہ مینگل بلوچستان کے عظیم رہنماء تھے انہوں نے اپنی پوری زندگی بلوچ قوم خاص کر مظلوم اقوام کے حقوق کے حصول کے لئے وقف کر رکھا بیٹے کی قربانی دی ،جیل و زندانوں میں قید رہے مگر انہوں نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی نیشنل پارٹی اس کی انتقال کو عظیم سانحہ سمجھتی ہے۔

میر حاصل خا ن بزنجو کے انتقال کے بعد اب بزرگ شخصیت سردار عطاء اللہ مینگل کے انتقال سے بلوچستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے میں سمجھتا ہوں کہ اس نقصان کا ازالہ ناممکن ہے اس غم کی گھڑی میں ہم سردار اختر جان مینگل ،سردار اسد جان مینگل اور خاندان کے دیگر افراد کے غم میں برابر کے شریک ہے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سردار عطاء اللہ مینگل کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر اصغر خان اچکزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سردار عطاء اللہ مینگل کے ساتھ دوستی آج کی نہیں بلکہ نیب کے دور سے تھی وہ خان عبدالولی کے اچھے دوستوں میں سے تھے ان کے انتقال نہ صرف بلوچ قوم کے لئے نا قابل تلافی نقصان ہے بلکہ پشتون سمیت تمام مظلوم اقوام کے لئے بھی ناقابل تلافی نقصان ہے ان کی قربانیوں ،اقوام کے لئے ان کی خدمات کی ہم قدر کرتے ہیں۔