|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2021

تربت: احساس ویلفیئر آرگنائزیشن بلوچستان کے زیراہتمام ٹیچنگ ہسپتال تربت میں مریضوں کیلئے دسترخوان کی پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خاص نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر،سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ تھے جبکہ صدارت احساس ویلفیئر آرگنائزیشن کے سربراہ ملالیاقت ولی نے کی، تقریب کے دوران ٹیچنگ ہسپتال تربت کو 2ایمبولینس اور ڈائیلسز سینٹرکیلئے ایک لاکھ روپے کے سامان عطیہ کئے گئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے احساس ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے سول ہسپتال تربت میں مریضوں کیلئے فری دسترخوان کے اہتمام کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ کیچ کیلئے ایک سوگات ہے جس پر احساس کی ٹیم مبارکبادکی مستحق ہے۔

کیچ میں سماجی وفلاحی سرگرمیوں کا رجحان فروغ پارہاہے جو خوش آئندہے کیچ پہلے سیاست اور ادب کامنبع رہاہے اب فلاحی وچیریٹی کے شعبہ میں بھی کیچ آگے بڑھ رہاہے، کیچ تھیلیسمیا کیئر سینٹر یہاں تھیلسیما کے 300مریضوں کیلئے خون کابندوبست کررہاہے اس حوالے سے کیئر سینٹر کے قیام کے ساتھ ساتھ بلڈڈونیشن پربھی کام کررہاہے جوخوش آئندہے انہوں نے کہاکہ سماج میں چیریٹی کاعمل حوصلہ افزاء￿ ہے کیونکہ تمام کام سرکارنہیں کرتی کچھ کام ہمیں خودکرنے ہیں، انہوں نے کہاکہ بلوچ کو ایک ایسا رڑن دینا ہوگا۔

کہ وہ دائمی اورمستقل بنیادوں پر ہو، انہوں نے کہاکہ وہ احساس کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے وہ ساتھیوں کو ہدایت کریں گے کہ وہ احساس کے ساتھ ون ٹائم تعاون کے بجائے ماہانہ بنیادپر کچھ نہ کچھ تعاون کریں تاکہ یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر چلتارہے اس سلسلے میں ڈونرز بھی تلاش کریں گے انہوں نے کہاکہ ہسپتال، تعلیمی ادارے ہمارے اپنے ہیں ان کی ہرممکن حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، ہم بھی انہیں تعلیمی اداروں کے پیداوارہیں، انہوں نے کہاکہ آج ہمارے نوجوان اعلیٰ تعلیم اورمقابلہ کے امتحانات میں اچھی پوزیشنیں لے رہے ہیں۔

اور اپنی محنت کی بدولت ہمارے نوجوان ایسے ایسے شعبہ جات میں جارہے ہیں جن کا اس سے قبل تصوربھی نہیں کیاجاسکتا تھا، احساس ویلفیئر آرگنائزیشن بلوچستان کے سربراہ ملالیاقت ولی نے کہاکہ احساس ویلفیئر آرگنائزیشن نے یہاں کے غریب ونادار مریضوں کی تکالیف وپریشانیوں کا احساس کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے، ہمارے غریب مریض کراچی میں بہت ساری مشکلات وپریشانیوں کے شکارہوتے چلے آرہے ہیں، کراچی کے بڑے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں یہاں کے مریضوں علاج مکمل ہونے سے قبل فارغ کرکے بھیج دیاجاتاہے۔

جس سے وہ حیران وپریشان ہوتے ہیں کہ بیمارمریض کولیکر اب وہ کہاں جائیں اس سلسلے میں احساس ویلفیئر آرگنائزیشن نے کاوشیں شروع کی ہیں تاکہ ہمارے مریضوں کی مشکلات کوکم سے کم کیاجاسکے، احساس اپنے دکھی لوگوں کے ساتھ ہے، پی این پی عوامی کے مرکزی سینئر نائب صدرمیرغفوربزنجو نے نوجوانوں کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہاکہ اسلام بھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتاہے، بی این پی عوامی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خلیل تگرانی نے کہاکہ بلوچ سماج میں باہمی تعاون،اشرومدد، بجاری وغیرہ کا سلسلہ زمانہ قدیم سے چلا آرہاہے۔

اب نوجوانوں نے اسے منظم شکل دی ہے جولائق تحسین ہے اس سے بلوچ سماج پرمثبت اثرات پڑیں گے، معروف سماجی شخصیت بجاربلوچ نے کہاکہ کیچ ہرشعبے میں ترقی کررہاہے سماجی وفلاحی شعبہ میں نوجوانوں کا کردار مثالی ہے دوسروں کی دکھ وتکلیف کومحسوس کرنے کانام احساس ہے اب اس احساس کو توانا بناکر پورے سماج کو اس کے اندرسمونا ہے،گورنمنٹ عطاشاد ڈگری کالج تربت کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرواحدبخش نے کہاکہ بلاامتیاز رنگ ونسل دکھی انسانیت کی خدمت ہی اصل انسانیت ہے۔

کیچ سول سوسائٹی کے کنوینر التازسخی نے کہاکہ کیچ اب جدید کیچ اورمہذب کیچ کی جانب سفرکا آغازکرچکاہے اسے منزل تک پہنچانے کیلئے ہرشخص کو اپنا کردارنبھانا ہوگا،انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی کریم بخش نے کہاکہ کسی زمانے میں بزرگ لوگ ہی سماجی شعبے میں مصروف عمل نظرآتے تھے مگر اب نوجوان اس شعبہ میں پیش پیش ہیں جو خوش آئندہے، تمام سرمایہ دار اور صاحب حیثیت لوگوں کو فلاحی اداروں کے ساتھ بھرپورتعاون کرنا چاہیے، گلزارویلفیئر سوسائٹی کے بانی سعید جان گلزارنے کہاکہ احساس نے غریب کاہاتھ پکڑاہے کیونکہ غریب بہت بے بس اورلاچارہے یہاں ہسپتال میں کچھ بھی دستیاب نہیں۔