|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2021

کوئٹہ: میں مستونگ روڈ پر  ہونے والے خود کش دھماکے میں 3 سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور  متعدد زخمی ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ اور شیخ زاید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کا کہنا ہے کہ خود کش دھماکا مستونگ روڈ پر سوہنا خان ایف سی چیک پوسٹ پر ہوا، دھماکے میں 3 سکیورٹی اہلکارجاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے

سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کا ٹارگٹ سکیورٹی اہلکار تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دھماکے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے اور دھماکے سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں کافی دنوں سے دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں اور جو عالمی حالات کے تناظر میں ہم پر پریشر ڈالنا چاہتے ہیں ہم جلد اس سے نکل آئیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم اس خطے میں اہم کردار ادا کریں گے۔