|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2021

کوئٹہ: بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں نال کے تعلیمی اداروں کی غیر فعالی اور انتظامیہ کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی حوالے سے حکومتی دعوؤں کے باوجود نال کے تعلیمی اداروں کی جانب عدم توجہی نہایت ہی تشویشناک ہے۔انہو ں نے کہا کہ بلوچستان عہد حاضر میں ملک کا پسماندہ ترین صوبہ تصور کیا جاتا ہے۔

جبکہ حکومتی دعوؤں کے باوجود تاحال تعلیمی ادارے کی فعالی کیلیے کسی قسم کی عملی اقدامات نہیں کی گئیں۔ کورونا وبا ء کے باعث گزشتہ سال سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند کیے گئے جنھیں روااں سال مکمل طور پر کھول دیا گیا۔

ملک بھر میں تعلیمی نظام کی فعالی کے باوجود اس دورانیے میں گورنمنٹ گرلز ھائی اسکول نال کا انتظامیہ تاحال کلاسز لینے سے قاصرہے جبکہ سکول کا انتظامیہ ادارے میں موجود ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کے مسلسل غیر حاضر ہونے پر طالبعلموں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کی اور تعلیمی ادارے کی غیر فعالی اور انتظامیہ کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے طلبا کے مطالبات کی شنوائی کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداران کے ٹرانسفر لیٹر جاری کیے جبکہ عہدیداران کی جانب سے تعلقات کا استعمال کرتے ہوئے مذکورہ عہدے پر قائم رہے۔

انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کو ہر سال بھاری بھر رقم بطور فنڈ مہیا کی جاتی ہے جبکہ اسکول انتظامیہ فنڈز میں غبن کرتے ہوئے طالبعلموں کو سہولیات مہیا کرنے سے قاصر ہے۔اسکول انتظامیہ سہولیات فراہم نہ کرنے کے باوجود مارچ سے لیکر تاحال مکمل طور پر غیر حاضر ہے جبکہ تعلیمی ادارہ غیر فعال ہے۔تعلیمی اداروں کی غیر فعالی کے باعث سینکڑوں طالبعلموں کا مستقبل داؤ پر لگایا جا چکا ہے۔ اپنے بیان میں کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی جیسے دعوؤں کے باوجود صوبے میں تعلیمی اداروں کی مذکورہ صورتحال نہایت ہی تشویشناک ہے۔

نال کے گرلز ھائی اسکول کے انتظامیہ کی عدم موجودگی اور حکومتی بے حسی کے سبب سینکڑوں طالبات کا مستقبل خطرے میں ہے۔حکومت اور تمام متعلقہ عہدیداران سے درخواست کی جاتی ہے کہ مسلسل غیر حاضر ہونے پر اسکول انتظامیہ کو جوابدہ کرتے ہوئے سخت ایکشن لیا جائے۔ اگر حکومت کی جانب سے بے حسی کا تسلسل جاری رہا اور اسکول فعال نہیں کی گئی تو پرامن حتجاج کا جمہوری طریقہ اختیار کیا جائے گا۔