|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2021

کوئٹہ: چیف آف جھالاوان وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کو پیپلز پارٹی کا گڑھ، وفاق اور صوبے میں حکومت بنائیں گے۔ صوبے کی سیاسی و قبائلی رہنماؤں سے رابطے ہیں عنقریب ہزاروں افراد پارٹی میں شامل ہوں گے۔پیپلز پارٹی نے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان کا جو نعرہ دیا اس پر عمل کرکے ملک میں پائی جانے والی مایوسیوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ کے صحافیوں ںسے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

چیف آف جھالاوان وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مزید کہا کہ صوبے کی سیاسی و قبائلی رہنماؤں سے رابطے ہیں عنقریب کوئٹہ خضدار اور نصیر آبادڈویژن سمیت پشتون اضلاع سے بڑی تعداد میں قبائلی و سیاسی معتبرین پیپلز پارٹی میں شامل ہونگے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں ہونے والی شمولیتی اجتماعات میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر قیادت شریک ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو احساس محرومی پائی جاتی ہے اسے صرف پیپلز پارٹی ہی ختم کرسکتی ہے اور ہم اسی عزم کو لیکر پارٹی میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے نہ صرف متوسط طبقے کے لوگوں کو مستحکم کیا بلکہ ایٹمی اثاثے بنا کر پاکستان کو ایک ناقابل تسخیر قوت بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان جو نعرہ دیا اس پر عمل کرکے ملک میں پائی جانے والی مایوسیوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جوق در جوق پارٹی میں شامل ہورہے ہیں انشاء اللہ پیپلز پارٹی بھی صوبے کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں عوام کی طاقت سے وفاق اور صوبے میں حکومت بنائیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان پیپلز پارٹی کا گڑھ بننے جا رہا ہے کارکن پارٹی قیادت کے پیغام کو گھرگھر پہنچائیں۔