|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2021

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مرحوم سردار عطا اللّہ مینگل نے آئین کی شق اٹھاون ٹو بی  کے خلاف بھرپور جدوجہد کی، ان کی جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

کراچی میں میاں محمد شہباز شریف وفد کے ہمراہ سردار اختر مینگل کے گھر پہنچے اور مرحوم سردار عطا اللّہ مینگل کے لیے فاتحہ خوانی اور دُعائے مغفرت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سردار عطا اللّہ مینگل کی جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے لیے خدمات ہیں، تاریخ انھیں یاد رکھے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ میاں نواز شریف اور عطا اللّہ مینگل کا اچھا تعلق رہا ہے، انہوں نے آئین میں شق 58 ٹو بی جس نے کئی جمہوری حکومتوں کو گھر بھیجا تھا اس کے خلاف بڑھ چڑھ کر کام کیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ تمام صوبوں کا احترام کرنا ہوگا عوام کو ان کے وسائل پہنچانے ہوں گے، بلوچستان جغرافیہ کے حساب سے بڑا اور آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے، قائداعظم کے قول کے تحت ہمیں سب کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا۔

دوسری جانب سردار اختر مینگل نے اس موقع پر کہا کہ اہل خانہ اور پارٹی کی طرف سے سب کا مشکور ہوں ہمارے غم میں شریک ہوئے۔