پسنی: پسنی میں عوامی مسائل سننے اور انکی فوری حل کیلئے اسسٹنٹ کمشنر آفس کے لان میں کھلی کچہری کا انعقاد، کھلی کچہری میں عام عوام نے پسنی کے جملہ مسائل کے حوالے متعلقہ شکایات پیش کیں جس میں پسنی کے اجتماعی و علاقائی مسئلے زیر بحث آئے ، اس دوران اسسٹنٹ کمشنر پسنی محمد عارف زرکون نے کھلی کچہری میں پسنی متعلق عوامی مسائل و شکایات سنے ۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پسنی آفس کے لان میں عوامی مسائل سے متعلق کھلی کچہری لگائی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر پسنی محمد عارف زرکون نے منعقدہ کھلی کچہری میں لوگوں کے مسائل سنے اور انکےفوری حل کیلئے شہریوں کے مفاد میں جامع پالیسی مرتب کرنیکی یقین دہانی کی۔
اس موقع پر ایس ایچ او پسنی ظہیر عباس و تحصیل میونسیپل آفیسر مندوست بلوچ محکمہ پبلک ہیلتھ کے ایس ڈی او فضل بلوچ مکمحہ فشریز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر منیر الیاس و دیگر لوکل اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری کے دوران اسسٹنٹ کمشنر پسنی محمد عارف زرکون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوامی مسائل کا حل اورعوام کو انصاف مہیا کرنا ہے اور یہ کام خدمت سے ممکن ہے صرف عوامی خدمت کے ذریعے خدااور اُس کی مخلوق کو راضی کیا جاسکتا ہے اور میں آپ کو انصاف دلوانے کے لیے ہی آپ سے رو برو ہوں۔
مزید انہوں نے کہا کہ اس کھلی کچہری کا اصل مقصد پچھلی دفعہ ہونے والے ڈپٹی کمشنر کی جانب منعقد ہونے والے کھلی کچہری کے بعد عوامی شکایات و معاملات پر ہونے والے پیش رفت کو آپ عوام تک پہچانا سمیت پسنی کے مزید مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔
کھلی کچہری میں عمائدین، انجمن تاجران ، ماہیگیر نمائندگان و ریت متاثرین کے علاوہ مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے بھر پور حصہ لیا اور منعقدہ کھلی کچہری میں منشیات سمیت ٹرالنگ ، کلمت و چر بندر میں پانی کی فراہمی حوالے محکمہ پبلک ہیلتھ کے متعلقہ کاموں میں ٹھیکداروں کی جانب کام میں سست روی و دیگر امور پر پیش آنے والے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی جس پر لوگوں نے اپنے خدشات ظاہر کرکے ان کے حوالے حل طلب مسائل کی نشاندہی کرکے سوالات اُٹھائے ۔
مزید سسٹنٹ کمشنر پسنی نے مشترکہ طور پر سائلین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کی سرکاری افسران تک رسائی کو آسان بنانا اور ان کے مسائل دریافت کر کے بروقت حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کے نتیجے میں عوام کے تحصیل و ضلعی انتظامیہ پر اعتماد میں اضافہ اور مسائل میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مزید انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا تسلسل سے انعقاد موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا مظہر ہے ۔ مزید انہوں نے کچہری میں موجود افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے فرائض منصبی خلوص دل سے ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی بار عوامی شکایات کے ازالے کے لیئے قبرستان کے لیئے شہر سے باہر پندرہ اکڑ زمین مختص کی گئی ہے اور ساتھ ہی پسنی عید گاہ کے لیئے زرین کی سائیٹ پر پانچ اکڑ زمیں بھی مختص کی گئی ہے جس پر جلد عمل درآمد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پسنی رہت متاثرین کے حوالے سے ہم ایک کمیٹی بنائنگے اور اس میں جو بھی متاثرین ہیں ان کے لیئے زرین ہاؤسنگ اسکیم میں اراضی الاٹ کریں گے ۔
ماہیگیروں کی ٹرالنگ حوالے شکایات پر انہوں نے کہا کہ ہم باقاعدہ اپنے لیویز فورس کے جوانوں کو فشریز اہلکاروں کے مدد کے لیئے سمندر میں بھیج دیں گے تاکہ غیر قانونی ماہیگیری میں ملوث ٹرالرز کا ہمیشہ کے لیئے تدارک ہو اور ساتھ ہی منشیات کے خاتمے و نشے کے لت میں نوجوانوں کے حوالے ڈرگ سنٹر کے قیام کے علاوہ معاشرے میں موجود افراد کی تعاون پر انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاوے میں اگر آپ کو کسی بھی منشیات فروش کی اطلاع ہو تو مجھے اطلاع کریں اس حوالے میں بزات خود پولیس کیساتھ ملکر انہی علاقوں میں کاروائی کرکے ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرونگا۔
مزید انہوں نے پسنی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے پر اپنے بھرپور کوششوں کا بھی اعادہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنر پسنی محمد عارف زرکون نے عوامی شکایات پر موقع پر احکامات جاری کئے اور سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل بروقت حل کئے جائیں اور انہیں فوری ریلیف پہنچانے کے لئے اقدامات لئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو خدمات کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی جو ہماری فرائض منصبی میں شامل ہے ۔
آخر میں اسسٹنٹ کمشنر پسنی محمد عارف زرکون نے کھلی کچہری میں موجود شرکاء عمائدیں و عام عوام کا شکریہ ادا کیا۔
غیر قانونی ماہیگیری میں ملوث ٹرالنگ کی تدارک کے لئے لیویز کو محکمہ فشریز کی مدد کےلئے بھیجیں گے ، اے سی پسنی

وقتِ اشاعت : September 28 – 2021