|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2021

تربت: شہیدتاج بی بی کے بھائی طارق بلوچ ودیگر لواحقین نے آل پارٹیزکیچ کے ہمراہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان، نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ سے بدھ کی صبح ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، آل پارٹیزکیچ کے کنوینر مشکور انوربلوچ، پی این پی عوامی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری خان محمدجان، جے یو آئی تحصیل تربت کے امیر مولانا عبدالقدیر مینگل، بی این پی عوامی ضلع کیچ کے جنرل سیکرٹری احدالہٰی ان کے ہمراہ تھے۔

جبکہ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما واجہ ابوالحسن بلوچ ودیگر رہنما موجود تھے، شہید تاج بی بی کے بھائی طارق بلوچ ودیگر لواحقین نے انتظامیہ کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آرپر اپنی تشویش کااظہارکیا اورکہاکہ ہم نے اپنی درخواست میں فائرنگ کرنے والوں کونامزدکیا ہے مگر اس کے باوجود ایف آئی آر ہماری درخواست کے مطابق درج نہیں ہوئی ہے انہوں نے بتایاکہ انتظامیہ کاکہناہے کہ جائے وقوعہ سے فورسزکے چیک پوسٹ کافاصلہ ساڑھے تین کلومیٹر ہے ۔

جبکہ کل ہم نے لیویز فورس کے ہمراہ جائے وقوعہ اور چیک پوسٹ کے درمیانی فاصلہ کوناپا تو یہ فاصلہ ایک کلومیٹربھی کم ہے انہوں نے کہاکہ اگر فورسزکے چیک پوسٹ سے ہم پرفائرنگ نہ کی جاتی توہم کیونکر مفت میں کسی کانام لیتے، آل پارٹیز کیچ کے رہنماؤں نے بتایاکہ آل پارٹیز اس ایشو پر متاثرہ فیملی کے ساتھ ہے ہم کوشش کررہے ہیں کہ لواحقین کے مطابق ایف آئی آر درج ہو، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے بتایاکہ ضرورت پڑنے پر پارلیمنٹ میں بھی اس معاملہ کو اٹھایاجائے گا تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔