کوئٹہ: دوسرا آل پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل مسلم ایف سی چمن نے جیت لیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں عبد اللّٰہ شاہ غازی کراچی نے نمسو فٹ بال کلب کو دو کے مقابلےمیں چار گول سے ہرایا۔
کوئٹہ میں کھیلے گئے فائنل میں مسلم فٹبال چمن کا مقابلہ ہزارہ کمبائنڈ سے تھا۔ میچ کے پہلے ہاف کے 31ویں منٹ میں مسلم فٹبال کلب کے حمید نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، وقفے پر مقابلہ ایک صفر تھا۔
دوسرے ہاف میں کمبائنڈ ہزارہ نے گول برابر کرنے کے لئے مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھایا لیکن وہ خسارے کو برابری میں تبدیل نہ کرسکے۔
میچ کے بالکل آخری لمحات میں ہزارہ کمائنڈ کو گول کے قریب فری کک ملی مگر اُن کے کھلاڑی فائدہ نہ اُٹھاسکے، یوں دوسرا آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل مسلم فٹبال کلب چمن نے ایک صفر سے جیت لیا۔
فاتح ٹیم اور ان کے سپورٹرز نے میدان میں جشن منایا اور گراؤنڈ کا چکر لگایا۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں عبد اللّٰہ شاہ غازی نے نمسو فٹ بال کلب کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو کے مقابلےمیں چار گول سے شکست دی۔