کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو نے کہاہے کہ بی اے پی کے صدر جام کمال کی عدم دلچسپی سے پارٹی مسائل کاشکار ہے ،ورکرز کے مسائل ہوں یا دیگر فیصلے پارٹی کی سینئر قیادت کو اعتماد میں لیاجاتا توآج جام کمال کو ناراض لوگوں کے گھروں پر جانے کی ضرورت نہ ہوتی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اتنا پریشان ہے۔
جس کا سبب پارٹی میں عدم دلچسپی ہے پارٹی 2018ء میں وجود میں آئی اس دوران عوام نے جوق درجوق پارٹی میں شمولیت اختیار کی یہ وہ لوگ تھے جو دیگر سیاسی جماعتوں سے مایوس ہوکر یہ امید لیکرآئے تھے کہ بی اے پی ان کے مسائل کا سد باب کرے گا لیکن پارٹی صدر جام کمال کی عدم دلچسپی کی وجہ سے بہت سے کارکن مایوس ہوکر یا تو خاموش ہوگئے یا پھر واپس دوسری جماعتوں کا رخ کرلیاہے ۔شروع میں مرکزی سیکرٹری جنرل منظور احمدکاکڑ مرکزی سیکرٹریٹ میں مکمل وقت دیا کرتے تھے جتنا اس کے بس میں تھا انہوں نے ورکروں کے مسائل حل کرنے کیلئے جدوجہد کی لیکن پارٹی صدر جام کمال کے رویے سے سیکرٹری جنرل منظور خان کاکڑ بھی مایوس ہوگیا پارٹی صدر نے سیکرٹری جنرل کو اہمیت نہیں دی۔
وزیراعلیٰ ہائوس میں ان لوگوں کو بیٹھاگیاہے جن کا سماجی ،سیاسی اور نا ہی قبائلی حیثیت ہے جس کی وجہ سے باقی ماندہ سینئر ورکرز مایوسی کاشکار ہوگئے ،انہوں نے کہاکہ اس کے باوجود بھی ہم جگہوں پر موجود ہیں اور کسی پارٹی میں جانے کا رخ نہیں کیاہے اگر پارٹی صدر جام کمال پارٹی کے معاملات پر اعتماد میں لیتا تو آج ناراض ارکان کے گھر جانے کی ضرورت نہ ہوتی ،انہوں نے کہاکہ پارٹی صدر کا پہلااختلاف اسپیکر کے ساتھ پیدا ہوا پھر اس کے بعد صوبائی وزیر سردارصالح بھوتانی سے وزارت لی گئی اس دوران بھی کسی ذمہ دار نے توجہ نہیں دی اور نہ ہی بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال نے ضرورت محسوس کی اور آج بھی جو فیصلے کرتارہاہے پارٹی کے کسی بھی معاملے پر وزیراعلیٰ جام کمال پارٹی کے ایگزیکٹو ممبران کو اعتماد میں لئے بغیر یکطرفہ فیصلے کررہے ہیں جس کی وجہ سے پارٹی مشکلات سے دوچار ہیں ۔بی اے پی کوبچانے میں چیئرمین سینیٹ نے ہمیشہ مثبت کرداراداکیاہے ۔