|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2021

کراچی:  نیشنل پارٹی سندھ وحدت کا اجلاس زیر صدارت وحدت صدر تاج مری کراچی میں منعقد ہوا اجلاس میں مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی نے خصوصی طورپر شرکت کی اجلاس میں اکتوبر کے آخری ہفتے میں کوئٹہ میں منعقد ہونے والی نیشنل کانگریس میں شرکت کے لیے سندھ وحدت سے شرکت کرنے والے کونسلرز کی فہرست کو مرتب کیاگیا۔

سندھ وحدت کے جنرل اور سیکریٹری مجید ساجدی نے اجلاس میں بتایا کہ سندھ کے قومی کانگریس میں شرکت کرنے کے لیے مندرجہ ذیل ناموں کو آخری شکل دی گئی۔تاج مری، مجید ساجدی، مخدوم ایوب قریشی، کامریڈ مول چند، جمال ناصر، مرزا مقصود، ذوالفقار مکھی، لالہ محمد حسین، رمضان میمن، شاہینہ رمضان، عیسیٰ خان ساجدی، عبداللہ بلوچ،یونس شاد، محمد ابرار، سید شمس الدین، یاسمین نگار، غلام نبی، سراج گھوٹکی ،مختاربلوچ، علی اکبر، سائیں اسلم ،محمدحنیف حمل، اسلم کیریا، یوسف بلوچ،حبیب بلوچ، محمدحسین ،انور خان اور فضا مری۔اجلاس میں یہ بھی بتایاگیا کہ اندرون سندھ سے کونسلر کے ناموں کااعلان 10اکتوبر کو نیشنل پارٹی سندھ کی ورکرز کانفرنس کے اجلاس منعقدہ جامشورو میں کیاجائے گا۔

نیشنل پارٹی سندھ وحدت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی جنرل جان محمد بلیدی نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی مزدوروں ،کسانوں، مظلوم قومیتوں اور کچلے ہوئے طبقات کی نمائدہ جماعت ہے اس لیے آج کے اس پر آشوب دور میں پارٹی کارکنوں اور رہنمائوں کے کندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور عوام کے حقوق کے حصول کے لیے منظم ہوکر جدوجہد کریں۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے انصاف ،جمہوریت اور شہری آزادیوں کے نام پر عوام پر وہ ظلم کئے ہیں جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اس حکومت کے دور اقتدار میں شہری مہنگائی ،بیروزگاری اورلاقانونیت کی چکی میں پس رہے ہیں۔

سیاسی مخالفین کی آواز کو دبانے کے لیے نیب کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کیاجارہا ہے اور آج وطن عزیز میں آزادی اظہار اور میڈیا کی آزادیوں کو مکمل طورپر سلب کیاجاچکا ہے آج صحافت پر قدغن لگانے کے لیے ایسے ایسے قوانین بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جن کی مثال ماضی کی آمرانہ حکومتوں کے دورمیں بھی نہیں ملتی۔ نیشنل پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا عمران خان الیکشن جیتنے کے لیے عوام سے ایک کروڑ نوکریاں دینے اور 50لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ حکومت اپنے تین سالہ دور حکمرانی میں دو کروڑ سے زیادہ لوگوں کو بیروزگار اور لاکھوں لوگوں کو بے گھر کرچکی ہے۔

جان محمد بلیدی نے کہا ہماری جماعت یہ بات سمجھتی ہے کہ جب تک یہ عوام دشمن ٹولہ اقتدار میں رہے گا اس وقت تک عوام کے مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں تیزی سے اضافہ ہوتا جائے گا انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی 29,30,31 اکتوبر2021ء کو کوئٹہ میں اپنی نیشنل کانگریس بیاد میر حاصل خان بزنجو کا انعقاد کررہی ہے اس کانگریس میں کئے گئے فیصلے ملک کی سیاسی صورتحال پر دور رس اثرات مرتب کریں گے۔