|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2021

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلہ  ،15 افرادجاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ ،سبی ،ہرنائی، پشین، قلعہ سیف اللہ  ،چمن ،زیارت، ژوب سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کےشدید  جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جبکہ زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی ہے ۔

زلزلے کے نتیجے میں 15افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق  زلزلے کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا جبکہ گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔

ہرنائی کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق زلزلے کے باعث 15افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے  جبکہ کئی افراد کو  زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر  کا کہنا ہے کہ ہرنائی میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے  جبکہ ملبے تلے کئی افراد دب گئے ہیں اور علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔ 

ڈپٹی کمشنر کے مطابق لیویز اور ریسکیو ٹیمیں لوگوں کی مدد کیلئے روانہ کردی گئیں ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق  ہرنائی میں 70 سےزائد مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔