|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2021

کوئٹہ:  بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد کی ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت سے ملاقات، عدم اعتماد کی تحریک میں مدد مانگ لی ایچ ڈی پی کا تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہ بننے کا اعلان ،تفصیلات کے مطابق اتوار کو بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو، قائم مقام صدر میر ظہور بلیدری، ارکا ن صوبائی اسمبلی سردار محمد صالح بھوتانی،میر محمد خان لہڑی، بی اے پی کے رہنماء میر عبدالرئوف رند، سردار زادہ شہزاد صالح بھوتانی، میر اعجاز سنجرانی سمیت دیگر پر مشتمل وفد نے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ، رکن صوبائی اسمبلی قادر علی نائل، ایچ ڈی پی کے جنرل سیکرٹری احمد علی کوہزاد سمیت دیگر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال اور وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بی اے پی کے قائم مقام صدر میر ظہور بلیدی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی ہے اور ان سے وزیراعلیٰ کے خلاف 20اکتوبر کو پیش ہونے والی عدم اعتماد کی تحریک میں مدد مانگی اور سیر حاصل گفتگو گی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفد نے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سے مثبت اور خوشگوار ماحول میں گفتگو کی ہے ، ملاقات کے بعد رابطہ کرنے پر ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر عبدالخالق ہزار ہ نے بتایا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت سے ملاقات کرکے تحریک عدم اعتماد میں مدد طلب کی ہے انہوں نے بتایا کہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے وفد کو سیاسی روایات کے مطابق عزت دی اور ان سے گفتگو کی البتہ ہمارا موقف واضح ہے کہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہیں بنیں گے انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے واضح طور پر ساتھ ہیں کسی کو بھی اس حوالے سے تاریکی میں نہیں رکھا گیا ہم اپنے موقف پر آج بھی قائم ہیں