کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے قیدیوں کی سزاوں میں دو ماہ کی تخفیف، بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ اور بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈز کی سیڈ منی میں 2 بلین روپے تک اضافے، سرکاری محکمہ جات کے ملازمین کے میڈیکل واجبات کی ادائیگی کے لئے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور ہرنائی زلزلہ متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے جلد از جلد ضروری کارروائی پایا تکیمل تک پہنچانے کا حکم جاری کیا ہے۔
ہفتہ کے روز سی ایم سیکرٹریٹ سے جاری مختلف ڈائریکٹیوز میں وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہرنائی کے زلزلہ متاثرین کے لئے ابتک ہونے والے اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور ان اقدامات کو موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے وزیر اعلی بلوچستان نے ہدایت کی ہے زلزلہ سے جانبحق اور زخمی افراد کو جلد از جلد جانی و مالی نقصانات کے ازالے کے لیے امدادی رقومات کے اجراء کے لئے کارروائی کو تیز کیا جائے وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ اور بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈز کی سیڈ منی میں اضافے کے لئے سمریز وزیر اعلی سیکرٹریٹ منظوری کے لیے بھیجوائی جائیں جبکہ دیگر صوبوں کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلبہ کے تعلیمی اخراجات کے دائرہ کار میں وسعت مختص نشستوں میں اضافے کے لئے بھی متعلقہ صوبوں کے حکام سے رابطہ کیا جائے اور اسکالرشپ پالیسی پر نظر ثانی کی جائے تاکہ غریب افراد کو سرکاری سطح پر صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات کی فراہمی کا دائرہ وسیع کیا جاسکے اور اس کے ثمرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائے جاسکیں۔
دریں اثناء وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رکن صوبائی اسمبلی نوبزادہ طارق خان مگسی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر میر ظہور ا حمد بلیدی اراکین صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران اور میر سلیم احمد کھوسہ بھی موجود تھے۔ملاقات میں پارٹی و سیاسی امور اور حکومت سازی سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تمام امور کو باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے طے کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبے کی عوام کی بلوچستان عوامی پارٹی اور نئی حکومت سے وابستہ امیدوں پر پورا اترتے ہوئے صوبے اور عوام کے وسیع تر مفاد میں عوامی فلاح و بہبود کو مقدم رکھا جائے گا ۔
ملاقات میں تمام اہم صوبائی امور پر پارٹی رہنماں اور اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے اور تمام امور کو باہمی مشاورت کے ساتھ بطریق احسن انجام دینے اور ایک میکنزم مرتب دینے سے اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی نے وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناں کا اظہار بھی کیا۔