|

وقتِ اشاعت :   November 13 – 2021

کوئٹہ : سابق وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے مختلف اضلاع میں تعینات سرکاری افسران کے سیاسی بنیاد پر تبادلے اور اکھاڑ پچھاڑ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قطعی نامناسب عمل قرار دیا ہے اور کہاہے کہ اقتدار آنے جانے والی چیز ہے، حکومتوں کے بدلنے سے سرکاری افسران اور ملازمین کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

گزشتہ روز سابق وزیر اعلی نے صوبائی حکومت کی تبدیلی کے بعد ضلع لسبیلہ اور دیگر اضلاع میں سرکاری محکموں کے افسران کے تبادلوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اس عمل کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار آنے جانے والی چیز ہے، حکومتوں کے بدلنے سے سرکاری افسران اور ملازمین کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

حکومتوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان ملازمین کو مخصوص شخصیات کا وفادار ہونے کا درس نہ دیں۔ اس طرح گورننس متاثر ہوتی ہے اور نظم و ضبط کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر صوبے میں صحت مند جمہوری اقدار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے. امید ہے وزیر اعلی ان سیاسی معاملات کے حوالے سے مختلف ڈیپارٹمنٹ کو ایک صحیح سمت دینگے۔