|

وقتِ اشاعت :   November 17 – 2021

کوئٹہ : بلوچستان کوحق دوتحریک کے روح رواں، جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کے مظلوم عوام مزید لاشیں اُٹھانے ،اداروں ،فورسزکے ہاتھوں مزید تذلیل کرنے سے تنگ آگئے ہیں ۔جگر گوشوں کو لاپتہ کیاجارہا ہے ۔بارڈر ٹریڈ سے رکھوایا جارہا ہے ساحل پرفشریزکو تباہ کرنے کیلئے بڑے بڑے ٹرالرمافیا کا راج ہے ۔

منشیات عام کرکے نوجوانوں کو بے راہ روی ،تباہی کی جانب دکھیلا جارہا ہے ۔بلوچستان کو حق دو تحریک کا دھرنا مسائل کے حل تک جاری رہیگا مطالبات منوانے ،مسائل کے حل کیلئے آج مکران بھر میں آج ہڑتال ہوگی۔مطالبات منوانے کیلئے دھرنا ہڑتال شٹرڈائون سمیت مختلف قانونی طریقے استعمال کریں گے۔ نااہل حکمران ہمیں قانون ہاتھ میں لینے،سخت سے سخت اقدام پر مجبور کررہے ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پورٹ روڈوائی ناکہ گوادرمیں تیسرے دن بلوچستان کو حق دو تحریک کی جانب سے دیئے گئے عوامی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا دھرنے کی وجہ سے پورٹ روڈ ہر قسم کی آمدورفت کیلئے معطل تھا ۔

دھرنے میں نوجوانوں بچوں بزرگوں سمیت جماعت اسلامی اورمختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے شرکت کی ۔دھرنا دن رات جاری ہے دھرنے میں سینکڑوں لوگ چوبیس گھنٹے شریک رہے ۔دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ اب عوامی مسائل پر کسی قسم کا کوئی کمپرومائزناانصافی قبول نہیں کیا جائیگا عوام کی چیک پوسٹوں پربہت تذلیل ہوگئی لاشیں اُٹھااُٹھاکر تھگ گیے ۔جگر گوشوں لاپتہ ہورہے ہیں حکمران صرف خالی کولی اعلانا ت،بے عمل وعدے کرتے ہیں ۔جس پر بھی عوام نے اعتماد کیا بدقسمتی سے اُس نے آگے جاکر ایمان وضمیر کا سوداکرکے مظلوم عوام کو مایوس کر دیا ہے ۔منتخب نمائندے ،انتظامیہ حقائق کے برخلاف دعوے وبیانات نہ دیا کریں عوامی مسائل کو ہم اجاگر کرتے ہوئے انہیں حل کریں گے ۔ہمارے زخموں پر نمک پاشی کے بجائے مرہم رکھ لیا کریں ۔جماعت اسلامی عوام کو ظالموں لٹیروں عوام دشمنوں سے نجات دلائیں گے ۔