|

وقتِ اشاعت :   November 22 – 2021

لاہور: سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی چارج ہو چکی ہے اور ن لیگ سے ون آن ون مقابلہ ہے۔

 انہوں نے یہ بات منصورہ آمد کے بعد جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر کہی۔

راجہ پرویز اشرف کی آمد پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں نے استقبال کیا۔

پی پی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے اس موقع پر لیاقت بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں سے درخواست کی کہ وہ این اے 133 پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں پارٹی کے امیدوار اسلم گل کی حمایت کریں۔

 راجہ پرویز اشرف نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے گفت وشنید کے دوران کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان بہتر تعلقات موجود ہیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ ضمنی الیکشن میں اسلم گل کی حمایت کا فیصلہ مشاورت کے بعد کریں گے۔