|

وقتِ اشاعت :   November 23 – 2021

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ حرام کھانے نہ کھائیں اور صرف حلال گوشت کا استعمال کریں۔

 بھارتی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر یہ پابندی نئے ڈائٹ پلان کے تحت لگائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم بدترین شکست سے دوچار ہوئی تھی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم 2007 کے بعد پہلی مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک میں نہیں پہنچ سکی تھی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پانبد کیا گیا ہے کہ وہ صرف حلال گوشت ہی کھا سکتے ہیں اور ان کے حرام کھانوں پر مکمل پابندی ہو گی۔

اس ضمن میں بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناقص کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جو ڈائٹ پلان تجویز کیا گیا ہے اس میں واضح طور پر ہدایات درج ہیں کہ وہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی صحت مند اور فٹ رہنے کے لیے سور اور بیف نہیں کھائیں گے۔

کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے تجویز کردہ ڈائٹ پلان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی گوشت کھانے کا متمنی ہے تو اس کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ سرٹیفائیڈ حلال گوشت کھائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ کھلاڑیوں کے لیے نیا ڈائٹ پلان تیار کیا گیا ہے۔