کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ غریب عوام کی خدمت کرنا ہی پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے ٗنا اہل اور سلیکٹڈ عمران نیازی کو فوری طور پر گھرنہ بھیجا گیا تو ملک کے حالات مزید خراب ہونگے پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میںعوام کو نا اہل حکمرانوں سے نجات دلاکر دم لے گی۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں پیپلز لیبر بیورو کے صوبائی صدر شاہجہان گجر سینئر نائب صدر حاجی عزیز لانگو ڈپٹی جنرل سیکریٹری صغیر کھرل رابطہ سیکریٹری اکرم گل ڈاکٹر راشد قریشی و دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پارٹی اور صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ ملک میں جب بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت آئی تو عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی ،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ دیگرمسائل حل کرنے پر بھر پورتوجہ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے موجودہ نا اہل اورسلیکٹڈ حکمران اقتدارمیں آئے ہیں عوام کو بے روزگار ی ،مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا سونامی سرکار نے ابتک لاکھوں لوگوں کو بے گھر اوربے روزگار کیا ہے عوام موجودہ حکمرانوں سے بے زار آچکے ہیں اور وہ ان سے نجات چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی جلدہی عوام کو نا اہل حکمرانوں سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی اوراسکی ذیلی تنظیموں کے کارکن بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں انشاء اللہ آنے والا وقت پاکستان پیپلزپارٹی کا ہی ہے۔