|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2021

کوئٹہ : طلباء تنظیموں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جامعہ بلوچستان کے دو لاپتہ طالبعلموں کی عدم بازیابی کے خلاف آج 24 نومبرکو بلوچستان کے تمام تعلیمی ادارے بند رہینگے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جامعہ بلوچستان میں گزشتہ دو ہفتوں سے طلباء اپنے ساتھی طالبعلموں کی گمشدگی کے خلاف احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ہیں۔لیکن اب تک لاپتہ طالبعلموں کو منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ لاپتہ طالبعلموں کی عدم بازیابی کے خلاف طلباء تنظیموں کی جانب سے آج 24نومبر کو صوبائی دارالحکومت سمیت بلوچستان بھر میں جامعہ،کالجز،پروفیشنل اور نان پروفیشنل تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کا مکمل بائیکاٹ کرکے بند کیا جائے گا۔

اس ضمن میںانہوں نے پروفیسرز اینڈلیکچرار ایسوسی ایشن بلوچستان،ملازمین یونین،تعلیمی اداروں کے سربراہان،اساتذہ و اسٹاف سے بھرپور اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مشکل وقت میں طلباء کا اخلاقی سپورٹ کرکے بائیکاٹ حمایت اور احترام کریں۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جہاں پر بھی انتظامیہ کی جانب سے بائیکاٹ کو ناکام بنانے یا بدنظمی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو کسی بھی ناخوشگوار واقع کا ذمہ دار اس ادارے کا سربراہ و انتظامیہ ہونگے۔