|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2021

 اسلام آباد: سیکریٹری پٹرولیم کا کہنا ہے کہ گھریلو استعمال کے لئے سلنڈرگیس کی طرف جانا ہوگا۔

سینیٹر عبدالقادر کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس ہوا۔اجلا س کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری پٹرولیم کا کہنا تھا کہ دنیا میں پائپ لائن کے ذریعے گیس فراہمی کا تصور ختم ہو رہا ہے۔ بھارت میں بھی پائپ لائن گیس کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔

سیکریٹری پٹرولیم کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں گھریلو استعمال کیلئے سلنڈر گیس کی طرف جانا ہو گا۔ پاکستان میں 28 فیصد آبادی کو پائپ گیس ملتی ہےجبکہ 72فیصد آبادی سلنڈرسمیت متبادل ذرائع استعمال کرتی ہے۔

سیکریٹری پٹرولیم کے مطابق اس  دفعہ ہمیں کہا گیا ہے کہ کھلا فرنس آئل خریدیں۔ درآمد ہونے والا فرنس آئل بجلی پیدا کرنے کیلئے آئی پی پیز کو دے دیا ہے۔فرنس آئل آجکل ایل این جی کے سپاٹ کارگو سے سستا ہے۔اتنا فرنس آئل آ چکا ہے کہ اب سٹوریج کپیسٹی بھی ختم ہو گئی ہے۔

قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے ارکان نے وزیر توانائی حماد اظہر کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہارکیا۔

سینٹر سعدیہ عباسی کا کہنا تھا کہ وزیر توانائی آج تک کمیٹی  کے اجلاس میں نہیں آئے۔ اہم وزارت ہے لیکن حماد اظہراجلاس میں آتے ہی نہیں۔

سینٹرافنان اللہ نے کہا کہ حماد اظہرجس وزارت میں بھی گئے ان کی کارکردگی خراب رہی ہے۔