عالمی وباء کورونا وائرس کی نئی قسم ’اومی کرون‘ کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر جاپان نے تمام غیرملکیوں کے ملک آنے پر پابندی عائد کردی۔
خبر ایجنسی کے مطابق پابندی کا اطلاق آج رات سے دنیا بھر کے شہریوں پر ہوگا جبکہ صرف جاپانی اور جاپان میں مستقل رہائش پذیر غیرملکی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
جاپانی اور جاپان میں مقیم غیر ملکی شہریوں کو جاپان واپسی کی صورت میں 10روزہ قرنطینہ کرنا ہوگا۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تائیوان نے جنوبی افریقا سمیت 6 افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔
تائیوان کے میڈیا کے مطابق پچھلے 14 دنوں میں جنوبی افریقا سمیت 6 ممالک کا سفر کرنے والوں کو 14روزہ قرنطینہ کرنا ہوگا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ نے بھی جنوبی افریقا سمیت 8 افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔