|

وقتِ اشاعت :   November 29 – 2021

کوئٹہ:  وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبدا لقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر مسائلستان بنا ہوا ہے شہر میں پانی، صفائی، ٹریفک ،گیس پریشر سمیت دیگر مسائل ہیں ،کوئٹہ کے لئے ماسٹر پلان تشکیل دیا جارہا ہے وزیراعظم سے صوبے میں گیس پریشر کامسئلہ اٹھائونگا امید ہے سردی کی شدت میں اضافے سے قبل گیس پریشر بہتر ہوگا، یہ بات انہوں نے کوئٹہ شہر کے علاقوں مشرقی بائی پاس ، شیخ زید ہسپتال ، سریاب روڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران، اراکین اسمبلی ملک نصیر شاہوانی، حمل کلمتی، نصر اللہ زیرے سمیت دیگر بھی موجود تھے ، وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ کوئٹہ کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے کوئٹہ کے کو نے کونے میںجا کر تمام تر قیا تی کا موں کا جائز لیں گے اور کسی بھی قسم کی کو تاہی بر داشت نہیں کریں گے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز اور تر قیاتی کاموں کے معیار میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں جائیگی جن افسران کی کارکردگی ٹھیک نہیں ہوگی انکے خلاف کا روائی اور ٹھیکیداروں کو بلیک سلیٹ کیا جائیگا انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر کی صفائی پر توجہ مرکوز ہے کچھ روز میں کوئٹہ کو صاف کریںگے عوام بھی شہر کو صاف رکھنے میں کردار ادا کریںانہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر مسائلستان بنا ہوا ہے شہر میں پانی، صفائی، ٹریفک سمیت دیگر مسائل ہیں کچھ دن میں چیزیں بہتر نظر آئیں گی کوئٹہ کے بہتر ماسٹر پلان بنائیں گے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں گیس پریشر کا مسئلہ حل کریں گے وزیراعظم سے بھی مسئلہ اٹھائیں گے امید ہے وہ اسکا سخت نوٹس لیں گے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ نے جوائنٹ روڈ ، سریاب روڈ کا دورہ کیا اور شہر میں صفائی اور ٹریفک کی کی صورتحال کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ لنک بادینی روڈ پر گئے جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے سڑ ک کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے سرکاری کالج کی زیر تعمیر بلڈنگ پر سیاسی جماعت کے جھنڈوں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سرکار کے فنڈز سے بنے والی عمارتوں پر پاکستان کے جھنڈے لگنے چاہیے انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے تمام سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیںوزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سرکاری عمارتوں پر پاکستان کا جھنڈا لگائیں وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے لنک شاہوانی روڈ کی ناقص تعمیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی نے تحقیقات کا حکم دے دیا انہوں نے کہا کہ اچانک شیخ زید ہسپتال کا دورہ بھی کیا جہاں ہسپتال کی ایمرجنسی میں صرف ایک ڈاکٹر موجود تھا ، وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کی لاپرواہی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے شیخ زید ہسپتال میں غفلت برتنے پر انتظامیہ کے تحقیقات کا حکم دے دیا ۔

درایں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ دور حاضر میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو نہ صرف عوام کو ہمہ وقت با خبر رکھتا ہے بلکہ ان کے مسائل اور مشکلات سے بھی حکومت کو آگاہ کرتا ہے۔میڈیا سے وابستہ افراد زمینی حقائق سے بخوبی واقف ہوتے ہیں اور وہ بہتر انداز سے حکومت کو عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز دے سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ڈیلی نیوز پیپر ایڈیٹرز کونسل کے صدر انور ساجدی کی قیادت میں ایڈیٹرز کونسل کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران اور رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کو اخباری صنعت کو درپیش مسائل، واجبات کی فوری ادائیگی، میڈیا پالیسی اور دیگر مسائل سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ان کے فوری حل کی درخواست کی۔وزیر اعلی نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اخباری صنعت کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے اور آپ لوگوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام میڈیا کے دوستوں کے تعاون سے گورننس میں بہتری لائیں گے اور مل کر صوبے کی خدمت کریں گے اور آپ لوگوں کو بھی آئندہ دنوں میں بہتریء نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اچھے کاموں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کی بھی نشاندہی کریں تاکہ ہم زیادہ بہتر طرز حکمرانی کی جانب گامزن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی کمی بیشیاں ہونگی اسے دور کریں گے۔ ایڈیٹرز کونسل کے نمائندہ وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔