راولپنڈی میں اوورسیز ایمپلائمنٹ سروس کی کمپنی سے متعلق بحرین میں پولیس کی بھرتیوں کا اشتہار سوشل میڈیا پر جاری ہوا تو ہزاروں افراد درخواستیں لے کر کمپنی کے دفتر کے باہر انٹرویوز کیلئے پہنچ گئے۔
اوورسیز ایمپلائمنٹ سروس کے مطابق اشتہار سوشل میں پر انہوں نے جاری نہیں کیا لہٰذا ان کا بحرین میں پولیس کی بھرتیوں کے اشتہار سے کوئی تعلق نہیں۔
بحرین میں پولیس کی بھرتیوں کے جعلی اشتہار پر انٹرویو کیلئے آنے والے ہزاروں افراد نے کمپنی کے باہر دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے کئی گھنٹے تک راول روڈ اور ٹیپو روڑ کو بند کیے رکھا جبکہ مظاہرین نے نجی کمپنی کے گیٹ پر توڑ پھوڑ کی اور کمپنی کے اہلکاروں سے ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
حالات کشیدہ ہوئے تو پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کئی گھنٹے گزرنے کے بعد اوورسیز ایمپلائمنٹ سروس نے بھرتیوں سے متعلق نیا اشتہار جاری کرنے کا وعدہ کیا تو مظاہرین منتشر ہوگئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ سروس کو اشتہار کے جعلی ہونے سے متعلق امیدواروں کو پہلے سے آگاہ کرنا چاہیے تھا۔