|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2021

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ دوحا میں 29 اور 30 نومبر کو طالبان کے سینئر نمائندوں کے ساتھ بات چیت ہوئی، طالبان وفد کیساتھ دہشتگردی، محفوظ راستے، تمام افغانوں کے حقوق اور پائیدار مفادات پر بات ہوئی۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے ایک بیان میں کہا کہ دوحا میں طالبان وفد کے ساتھ انسانی بحران پر عالمی برادری کے ردعمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ طالبان پر زور دیا ہے کہ اپنی تمام صفوں میں معافی کے اپنے وعدے کی پاسداری یقینی بنائیں اور انتقامی ہلاکتوں، جبری گمشدگیوں کے ذمہ داروں کو پکڑیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان انتقامی ہلاکتوں، افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز (اے این ایس ایف) کے سابق ارکان کی جبری گمشدگی کی اطلاعات پر امریکی تشویش سے آگاہ ہیں۔