اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے الیکشن کمیشن کو وزرا کی معافی قبول نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔
اپنے بیان میں حافظ حمد اللہ کا کہنا تھاکہ وفاقی وزرا کی آج معافی قبول کرلی گئی تو آئندہ پھر یہ لوگ آئینی ادارے، سربراہ اور معزز اراکین کے خلاف ہرزہ سرائی کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ پہلے دھمکی پھرگالی اورپھر معافی وزرا کا وطیرہ رہاہے، تحریک انصاف اداروں کی توہین کو اعزاز سمجھتی ہے۔
پی ڈی ایم ترجمان کا کہنا تھاکہ آئین اورقانون پرکسی قسم کی مصلحت نہیں ہونی چاہیے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں نازیبا بیانات اور الزامات کے کیس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بعد وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی نے تحریری معافی مانگ لی۔