|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2021

لاہور میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 133 میں ضمنی انتخابات کا  میدان سج گیا۔ پولنگ کا عمل جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق  حلقہ این اے 133 لاہورمیں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ حلقے میں 4 لاکھ  40 ہزار سے زائد ووٹرزحق رائے دہی رکھتے ہیں۔

این اے 133 میں 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ اے کیٹیگری کے 22، بی کیٹیگری کے 198 جبکہ سی کیٹیگری کے 34 پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ مرد و خواتین کےلئے علیحٰدہ علیحٰدہ 200 جبکہ مخلوط 54 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں۔

ضمنی انتخاب کے لیے 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ نشست کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی  کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ یاد رہے کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے133 پرویز ملک کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

این اے 133  میں ضمنی انتخابات کے دوران کسی ناخوشگوارواقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت  انتظامات  لیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز کی نگرانی میں 6ایس پیز اور 14 ایس ڈی پی اوز فرائض انجام دے رہے ہیں۔

الیکشن کے دوران 44 ایس ایچ اوز، 52 ڈولفن و پیرو اور 7 کوئیک ریسپانس ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد افسران و اہل کار تعینات ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔