|

وقتِ اشاعت :   December 7 – 2021

 اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) 23 مارچ کو لانگ مارچ کی تاریخ بدلے ، پھر نہ کہے کہ راستے بند کردیے۔

شیخ رشید نے اسلام آباد میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کا واقعہ قابل مذمت ہے، سری لنکن ہائی کمشنر کو مکمل انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، واقعہ پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچانے کی سازش ہے، ملک کو بدنامی سے دوچار کرنے والا واقع ہوا یے مذمت کی جائے، سیالکوٹ کے مسئلے پر حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پہلی اپوزیشن ہے جو چار ماہ پہلے قومی دن پر احتجاج کا اعلان کر رہی ہے، اپوزیشن لانگ مارچ کے احتجاج کی تاریخ بدلے ، 23مارچ کی تاریخ پر اعتراض ہے، 23 مارچ کو فوجی پریڈ ہوتی ہے اور یہ پاک فوج کا عالمی سطح پر منایا جانے والا دن ہے،  لانگ مارچ 15 روز پہلے یا 7 روز بعد کرلیں کیوں کہ یومِ پاکستان کی پریڈ کے لیے ہمارا سارا جنگی سامان جی ٹی روڈ سے اسلام آباد پہنچتا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بیشتر کور ہیڈ کوارٹرز بھی جی ٹی روڈ پر ہیں، اسی لیے 6، 7 روز پہلے اسلام آباد کے بعض راستے بند کردیے جاتے ہیں، اپوزیشن اپنے طریقے پر غور کرے، پھر اعتراض نہ کرے کہ ہمارے راستے بند کردیے گئے، میں 3 ماہ بعد اس پر بات کروں گا کہ اس کا کیا حل نکالا جائے لیکن اپوزیشن کو غور و فکر کی دعوت دیتا ہوں کہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے، اپوزیشن نے ساڑھے 3 سال بعد تاریخ دینے کا فیصلہ کیا اور وہ بھی غلط کیا، مولانا اس تاریخ پر ازسرنو غور کریں،

مولانا فضل الرحمان جب اسلام آباد آئے تھے وہ وقت اپوزیشن کے احتجاج کا تھا ، اب تو نئے الیکشن کا دور آگیا ہے، مولانافضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں ان کے مقاصد اور ہیں، پہلی جماعتیں ہیں جو 4 ماہ کا وقت دے کر کمپنی کی مشہوری کر رہی ہیں، نگران حکومت نہیں آرہی، عمران خان مدت پوری کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان تین چار ماہ میں مہنگائی ختم کریں گے۔