پشاور: الیکشن کمیشن نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں پر جرمانے عائد کردیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جرمانے صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر عائد کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا تھا۔
اس ضمن میں ہم نیوز نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سید خورشید شاہ پر بھی 50 ہزارروپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اسی طرح سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی اور رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل پر بھی فی کس 50 ہزار روپے جرمانے کیے ہیں۔
پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو پر بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے نگہت اورکزئی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پروارننگ جاری کر دی ہے۔
اسی ضمن میں بتایا ہے کہ مزید خلاف ورزی پر کیس الیکشن کمیشن کو بھجوائے جائیں گے۔