|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2021

بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان روہت شرما دورہ جنوبی افریقا پر ایک ساتھ نہیں کھیلیں گے۔

 یہ اتفاق ہو یا کپتانی کا تنازع لیکن سچ یہ ہے کہ دونوں کھلاڑی جنوبی افریقا کے دورے پر تو جائیں گے لیکن ٹیسٹ اور ون ڈے میں ایک ساتھ میدان میں  نہیں کھیلیں گے۔

بھارت کو دورہ جنوبی افریقا کے دوران پہلے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز  کھیلنی ہے اور اس کے بعد 3  میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔

روہت شرما ساؤتھ افریقا کے خلاف  ٹیسٹ سیریز سے کیوں باہر ہوئے؟

روہت  شرما چوٹ کی وجہ سے ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں جب کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات نے  ون ڈے سیریز سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔

روہت کو حال ہی میں ویرات سے ون ڈے کی کپتانی چھین کر ٹیم انڈیا کا کپتان بنایا گیا ہے اس کے بعد سے یہ خبریں آرہی ہیں کہ ویرات کپتانی چھن جانے سے خوش نہیں ہیں۔

بھارتی ٹیم 16 دسمبر کو جنوبی افریقا کے دورے پر روانہ ہوگی،3  ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔

ویرات کوہلی ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ 19 جنوری سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت روہت شرما کریں گے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ون ڈے کے لیے اسکواڈ کا اعلان ہونا باقی ہے۔

اس دوران روہت پیر کو ممبئی میں پریکٹس کے دوران زخمی ہو گئے، ان  کے ہاتھ پر چوٹ لگی ہے تاہم ان کے ون ڈے سیریز  تک فٹ رہنے کی امید ہے۔

بی سی سی آئی نے روہت کے ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ان کی جگہ گجرات کے بلے  باز  پر یانک پنچال کو شامل کیا ہے۔

ویرات نے ساؤتھ افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز سے واپسی کا اعلان کیوں کیا؟

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی اپنی بیٹی وامیکا کی پہلی سالگرہ پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا  چاہتے ہیں،ان کی بیٹی کی سالگرہ 11 جنوری کو ہے، ساتھ ہی تیسرا ٹیسٹ بھی 11 سے 15 جنوری تک کھیلا جانا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق کوہلی تیسرے ٹیسٹ کے بعد اپنی فیملی کے ساتھ چھٹیاں منانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔