وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ نواز شریف واپس نہیں آرہے ان کا پاسپورٹ ختم ہوچکا ہے، اگر نواز شریف آتے ہیں تو پنجاب کی جیلیں نواز شریف کا انتظار کر رہی ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ رانا شمیم کے ایشو پر بھی نواز شریف کی لندن میں19نومبر کو پیشی تھی، انہوں نے رانا شمیم کی درخواست کا معاملہ کھڑا کر کے سیاسی پناہ کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری ہے، لال حویلی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے، کے پی کی تاریخ نہیں دہرائیں گے۔
فیاض چوہان نے کہا کہ 30 دسمبر کو ڈھوک کالا خان سے ایک ریلی نکالیں گے، اس ریلی میں اپنی تین سالہ کارکاکردگی پیش کریں گے، پی پی17 میں پچھلے3 سال میں پونے 2 ارب کےترقیاتی کام کرائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی17میں 600فٹ گہرائی کے 44 ٹیوب ویل لگوائے، ن لیگ کے دور میں200فٹ گہرائی کےساتھ ٹیوب ویل بناکر اس میں کرپشن ہوتی رہی، لال حویلی، دھمیال ہاؤس سے وفاداریاں نبھانے والوں کے کام بھی چوہان ہاؤس سے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرجیل خانہ جات بنا تو جیل میں بہتری کے لیے اقدامات کیے، کسی بھی قیدی یا وزیٹر کو شکایات ہو تو وہ براہ راست رابطہ کرسکتا ہے، پہلی بار قیدیوں کو جیل میں تکیہ دیا ہمارے یہاں یہ نہیں تھا یورپ میں یہ ہوتا تھا۔
فیاض چوہان نے کہا کہ جیل کے ملازمین کی تنخواہیں انتہائی کم تھیں جنہیں بہت بہتر کیا ، جیل ملازمین جھولیاں اٹھا کرمجھےاورعثمان بزدار کو دعائیں دے رہے ہیں۔