|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2022

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرداراخترجان مینگل نے کہاہے کہ ینگ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں بی این پی کے ارکان اسمبلی پرمشتمل کمیٹی تشکیل دیںگے جو ڈاکٹرز کے مطالبات کیلئے آواز بلند کرینگے اور اس سلسلے میں ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیںگے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ینگ ڈاکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ اور ڈاکٹر حفیظ مندوخیل کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیراحمدشاہوانی ،اختر حسین لانگو،احمد نواز بلوچ،سابق رکن قومی اسمبلی عبدالرئوف مینگل ودیگر بھی موجود تھے ۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے وفد نے سردار اختر جان مینگل کو ڈاکٹروں کے مسائل، احتجاج اور مطالبات سے آگاہ کیابلکہ وفد نے سردار صاحب کو صوبے کے تین میڈیکل کالجز کے احتجاج پر بیٹھے طلبہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

سرداراخترجان مینگل نے ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے پارٹی ایم پی ایز کو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کو درپیش مسائل اور ان کے مطالبات سے متعلق سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی تاکید اور اس ضمن میں پارٹی ایم پی ایز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو ڈاکٹرو کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گی،انہوں نے پارٹی ایم پی ایز کو احتجاج پر بیٹھے میڈیکل کالجز کے طلبا کو درپیش مسائل کا حل نکالنے پر زور دیا۔