پاک افغان دوستی بس سروس 5 سال بعد دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمشنر پشاور ریاض محسود کے مطابق بس سروس پشاور سے افغان صوبے جلال آباد چلائی جائے گی، سروس کیلئے بس کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کیلئے 14 جنوری کو ٹینڈر جاری کیا جائیگا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 40 بسوں کے ذریعے روزانہ مسافروں کو جلال آباد تا پشاور لایا جائے گا جب کہ مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن کی سہولیات اڈے پر فراہم کی جائے گی۔
ریاض محسود نے کہا کہ امیگریشن حکام اڈے پر ہی مسافروں کی دستاویزات چیک کریں گے، مسافروں کی سیکیورٹی پشاور اور ضلع خیبر کی انتظامیہ اور پولیس کے ذمے ہو گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بس سروس شروع کرنے کیلئے معیاری کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ پشاور تا جلال آباد بس سروس کی کامیابی کے بعد اسلام آباد تا کابل بس سروس بھی چلائی جائے گی۔
خیال رہے کہ پاک افغان بس سروس امن وامان حالات کے باعث 2016 میں بند کی گئی تھی۔