سپریم کورٹ آف پاکستان میں عارف گل حبسِ بے جا کیس کی سماعت کرنے والا بینچ تبدیل کر دیا گیا۔سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر بینچ کا حصہ نہیں رہے۔
چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں نیا بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
3 رکنی بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی امین بھی شامل ہیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کا 3 رکنی بینچ آج 1 بجے دوپہر عارف گل حبسِ بے جا کیس کی سماعت کرے گا۔
گزشتہ روز قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے ملزم عارف گل کو حبسِ بےجا میں رکھنے کے کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا تھا کہ کیا عارف گل کو پیش کرنے سے سپریم کورٹ کی عمارت اُڑ جائے گی۔
چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ عارف گل کو پیش نہیں کرنا تو سپریم کورٹ کو تالا لگا دیتے ہیں، عارف گل کو پیش نہ کیا تو وزیرِ اعظم کو بلا لیں گے۔